ورلڈ کپ کو مقررہ وقت پر منعقد کرنے آسٹریلیا پرعزم

   

سڈنی ۔ 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کوروناوائرس ایک جانب جہاں دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے جس کی وجہ سے تقریباً تمام اسپورٹس ایونٹس ملتوی ہوچکے ہیں لیکن کرکٹ آسٹریلیا اکٹوبر میں منعقد شدنی آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کو مقررہ وقت پر منعقد کرنے کا منصوبہ بنارہا ہے۔ کوروناوائرس جس میں عالمی سطح پر بین الاقوامی اور قومی کرکٹ کو متاثر کرتے ہوئے تقریباً تمام ایونٹس کو ملتوی کرنے پر مجبورکیا ہے۔ دریں اثناء کرکٹ آسٹریلیا کے صدر ایونٹ رابرٹس نے کہا ہیکہ ہم پُرامید ہیکہ ورلڈ کپ اپنے شیڈول کے مطابق ہوگا کیونکہ اس کے آغاز میں چند ہفتے نہیں بلکہ چند مہینے باقی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات کے اعتبار سے کوئی بھی ماہر نہیں لیکن ہم امید کررہے ہیں کہ اکٹوبر اور نومبر تک حالات معمول کے مطابق ہوجائیں گے اور ہم ٹی 20 ورلڈ کپ کو مقررہ وقت پر ہی منعقد کریں گے۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے پری کوالیفائرس مقابلے 18 تا 23 اکٹوبر کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد 12 ٹیموں کے درمیان اصل مقابلوں کا 24 اکٹوبر کو آغاز ہوگا نیز 15 نومبر کو ملبورن کرکٹ گراونڈ پر اس ایونٹ کا خطابی مقابلہ کھیلا جائے گا۔ رابرٹس نے کہا کہ 15 نومبر کا منصوبہ ہمارے لئے بہت آگے کا وقت ہے اور ہمیں امید ہیکہ ملبورن کرکٹ گراؤنڈ میں شائقین کی ویسی ہی تعداد موجود رہے گی جیسا کہ خاتون زمرہ کے ورلڈ کپ کے فائنل کے دوران گذشتہ ہفتہ موجود تھی۔ دریں اثناء کوروناوائرس نے دنیا بھر کے تقریباً 1.75 لاکھ افراد کو متاثر کرنے کے علاوہ 7000 افراد کو موت کی نیند بھی سلا چکا ہے۔ کوروناوائرس کی وجہ سے اسپورٹس کے کئی اہم ایونٹس جس میں یورو کپ ،کوپا امریکہ کپ اور آئی پی ایل کے علاوہ پاکستان سوپرلیگ ٹورنمنٹ بھی متاثر ہوا ہے جس میں چند ایونٹ کو ملتوی بھی کردیا گیا۔