ورلڈ کپ کیلئے جارحانہ ہندوستانی وومن ٹیم کا اعلان

   

ممبئی۔13 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم آئندہ ماہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لئے آسٹریلیا جائے گی، جس کے لئے بی سی سی آئی نے ہندوستانی خاتون ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ ٹی 20 ورلڈکپ میں ہندوستانی ٹیم کی کپتانی سنبھالنے والی ہرمن پریت کورآل راؤنڈر ہیں۔ دائیں ہاتھ کی ہرمن پریت دائیں ہاتھ سے ہی اسپن بولنگ کرتی ہیں۔ ہرمن پریت اپنی جارحانہ بیٹنگ کے لئے جانی جاتی ہے۔ وہ ٹیم کی سب سے تجربہ کارکھلاڑی ہیں اور ٹیم میں فنیشرکا رول نبھاتی ہیں۔ اسمرتی مندھانا ہندوستان کے بائیں ہاتھ کی اوپنر ہیں اور ٹیم کی نائب کپتان ہیں۔ ممبئی کی رہنے والی مندھانا اپنی شاندار بیٹنگ کے لئے جانی جاتی ہیں جو ٹیم کو مضبوط شروعات دیتی ہیں۔ ٹیم کی بھروسہ مند بیٹس ومن ہیں۔ 23 سالہ اسمرتی آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں کھیلتی ہیں، جس کا فائدہ انہیں ٹی 20 ورلڈکپ میں ملے گا۔دیگر کھلاڑیوں میں 15 سالہ دائیں ہاتھ کی شیفالی ورما نے گزشتہ سال ہندوستانی ٹیم میں بین الاقوامی کرئیر کا آغازکیا تھا۔ وہ ہندوستان کی طرف سے ٹی 20 کھیلنے والی سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔ ہریانہ کی شیفالی بے خوف بیٹنگ کے لئے جانی جاتی ہیں۔ ممبئی کی جیمیما روڈگس ہندوستانی بیٹنگ کا اہم حصہ ہیں۔ 19 سالہ دائیں ہاتھ کی جیمیما نے 2018 میں ونڈے اور ٹی 20 میں اپنے کریئر کا آغازکیا تھا۔