ورلڈ کپ کیلئے فاسٹ بولنگ میں ایک بولر کا مقام باقی : کوہلی

   

حیدرآباد ۔ 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے کل یہاں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ سے قبل میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ برس آسٹریلیا میں منعقد شدنی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے ہندوستانی فاسٹ بولنگ شعبہ میں ایک بولر کیلئے مقام موجود ہے کیونکہ جسپریت بمرا، بھونیشور کمار اور محمد سمیع یقینی طور پر اپنی جگہ ٹیم میں پکی کرواچکے ہیں۔ کوہلی یہاں حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ کوہلی نے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کی جو تیاری چل رہی ہے اس مناسبت سے کھلاڑیوں میں بہتر مسابقت موجود ہے اور فاسٹ بولنگ شعبہ میں ایک بولر کیلئے ہنوز موقع ہے۔ کوہلی نے مزید کہا کہ ہمارے لئے یہ واضح ہوچکا ہیکہ فاسٹ بولنگ شعبہ میں کمار، بمرا اور سمیع کا مقام یقینی دکھائی دے رہا ہے جبکہ دیپک چہر نے حالیہ دنوں میں بہترین مظاہرہ کیا ہے۔ محمد سمیع کے متعلق کوہلی نے کہا کہ حالیہ دنوں میں سمیع کے مظاہرے انتہائی شاندار رہے اور آسٹریلیائی وکٹوں پر سمیع کی صلاحیتوں سے کافی فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ نیز ان کا تجربہ اور خاص کر ان کے یارکرس سے اختتامی اوورس میں رنز کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔ نیز بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں چہر کے مظاہروں نے کافی متاثر کیا ہے اور امید ہیکہ وہ اس کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔