ورلڈ کپ کی ٹیم کے لئے کافی وقت باقی

   

احمدآباد : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما محسوس کرتے ہیں کہ مجوزہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے قطعی ٹیم کا فیصلہ کرنا قبل از وقت ہے چونکہ ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کی تیاری کیلئے ایک طویل سفر ہنوز باقی ہے۔ روہت شرما جنہوں نے سیریز کے فیصلہ کن ٹی 20 مقابلے میں ویراٹ کوہلی کے ساتھ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی کیلئے بنیاد رکھی تھی اور اس کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل آئی پی ایل کا انعقاد بھی باقی ہے، لہذا رواں برس کے اوآخر منعقد ہونے والے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے ہندوستان کی قطعی ٹیم کے انتخاب کیلئے طویل سفر باقی ہے۔ ورلڈ کپ کیلئے اس وقت ٹیم کے متعلق بات کرنا قبل از وقت ہوگا۔ انگلینڈ کے خلاف قریبی مقابلوں کے نتائج کے ساتھ سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد روہت شرما نے کہا کہ ایک مقابلہ کیلئے ہی کے ایل راہول کو ٹیم سے باہر رکھنا ایک سخت ترین فیصلہ تھا۔ ہندوستانی ٹیم نے پانچویں اور فیصلہ کن ٹی 20 مقابلے میں کے ایل راہول کو ان کے ناقص فام کی وجہ سے انہیں ٹیم سے باہر رکھتے ہوئے ان کے مقام پر فاسٹ بولر ٹی نٹراجن کو شامل کیا تھا تاکہ بولنگ شعبہ میں زائد سہولت مل سکے۔ روہت نے کہا کہ راہول ہمارے ایک کلیدی کھلاڑی ہیں، خاص کر محدود اوورس کی کرکٹ میں ان کی بیٹنگ ہمارے لئے کافی سودمند ثابت ہوتی ہے لیکن حالیہ مظاہروں کی بنیاد پر ٹیم نے اپنی حکمت عملی اور سیریز جیتنے کیلئے راہول کے مقام پر بولر کا اضافہ کیا اور یہ راہول کے ساتھ بدقسمتی والا فیصلہ رہا۔ روہت شرما نے مزید کہا کہ ایک مقابلہ کیلئے راہول کے مقام پر کسی اور کو ٹیم میں شامل کرنے کا یہ ہرگز مقصد نہیں کہ بیٹسمین کیلئے یہ اشارہ دیا جارہا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کا حصہ نہیں ہے۔ علاوہ ازیں کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے آغاز سے قبل کہا تھا کہ راہول اور روہت ہندوستان کی اننگز کے آغاز کیلئے پہلی پسند ہے۔ روہت شرما نے مزید کہا کہ ہم راہول کی صلاحیتوں کو آسانی سے سمجھ سکتے ہیں اور ٹاپ آرڈر پر ان کے تعاون کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، لیکن اس کے باوجود ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ ورلڈ کپ کیلئے ٹیم تیار ہوچکی ہے۔ روہت نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل آئی پی ایل بھی کھیلنا باقی ہے، جس میں ہر کھلاڑی کو بہت زیادہ کرکٹ کھیلنے کا موقع ملتا ہے جو کھلاڑی کو اپنی تیاریوں کیلئے صحیح سمت گامزن کرنے میں مدد بھی دیتا ہے۔ دوسری جانب ویراٹ کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کیلئے کم و بیش ٹیم تیار کرلی گئی ہے۔ ہندوستان کیلئے تجربہ کار بولر بھونیشور کمار کی زخموں سے صحت یابی خوش آئند ہے کیونکہ انہوں نے فیصلہ کن پانچویں مقابلے میں ٹیم کیلئے سب سے بڑا خطرہ ثابت ہونے والے جوز بٹلر کو آؤٹ کرتے ہوئے مقابلے کو ہندوستان کے حق میں کرنے کی شروعات کی تھی۔ روہت نے کہا کہ دیکھئے! بھونیشور کمار ایک طویل عرصہ سے ہمارے ساتھ ہیں اور ٹیم کیلئے انہوں نے شاندار مظاہرے کئے ہیں اور خاص کر محدود اوورس کی کرکٹ میں ان کے مظاہرے اہمیت کے حامل ہیں اور امید ہے کہ ٹیم انتظامیہ کے ذہن میں وہ بولنگ شعبہ کا اہم حصہ ہیں۔