ورلڈ کپ T20 َ: کوہلی، پانڈیا نے پاکستان سے فتح چھین لی

   


آسٹریلیا میں ہندوستان کی ورلڈ کپ مہم کا کامیاب آغاز ۔ ارشدیپ اور ہاردک کو فی کس 3 وکٹ ۔ کپتان بابر اور رضوان ناکام، مسعود اور افتخار کی ہاف سنچریاں رائیگاں
ملبرن : ہندوستان نے آئی سی سی T20 ورلڈ کپ 2022ء میں آج پاکستان کو سنسنی خیز انداز میں 4 وکٹ سے شکست دے کر گزشتہ سال والے عالمی ایونٹ کے اسی مرحلے میں کٹر حریف کے مقابل اپنی ناکامی کا بدلہ لے لیا۔ آج رواں ٹورنمنٹ میں سوپر 12 مرحلے کے گروپ 2 کا یہ پہلا میچ رہا جس میں پاکستان نے 159/8 کے ساتھ انڈیا کیلئے 160 کا ٹارگٹ مقرر کیا جسے بہت بڑا تو نہیں کہا جاسکتا لیکن اختتامی مرحلے میں مقابلہ نہایت سنسنی خیز بن چکا تھا۔ ویراٹ کوہلی اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا پانچویں وکٹ کیلئے سنچری پارٹنرشپ بنا کر کھیل رہے تھے۔ آخری دو اوورز یعنی 12 گیندوں میں 31 رنز درکار تھے اور پھر 6 گیندوں میں 16 رنز مطلوب تھے، اور پھر ان گیندوں کے دوران دو وکٹیں گریں، وائیڈ اور نو بال پھینکے گئے، چھکے لگائے گئے، بحث و تکرار بھی دیکھنے میں آئی۔ غرض ہند۔پاک مقابلے کے اختتامی دو اوورز میں سب کچھ ہوگیا اور میچ کا نتیجہ آخری گیند پر برآمد ہوا جب جیت کیلئے صرف ایک رن درکار تھا جسے روی چندرن اشوین میچ کی اپنی پہلی گیند پر اسکور کیا۔ کوہلی غیرمعمولی 82 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جو انھوں نے 53 گیندوں میں 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے بنائے۔ کوہلی کے 3 چھکے آخری دو اوورز میں چھ گیندوں کے دوران آئے۔ اس طرح ہندوستان نے ٹارگٹس کے تعاقب میں ماہر کوہلی (82 ناٹ آؤٹ) اور پانڈیا (40) کی سنچری پارٹنرشپ کی بدولت پاکستان کو چار وکٹ سے شکست دے دی۔ پاکستان نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان کو 160 رنز کا ہدف دیا تھا جسے ہندوستان نے میچ کی آخری گیند پر حاصل کر لیا۔ اس سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 31 رنز پر چار وکٹیں گنوا دیئے تھے لیکن کوہلی۔پانڈیا جوڑی نے 113 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ ہندوستان کو آخری اوور میں 16رنز درکار تھے۔ اس اوور میں پانڈیا اور دنیش کارتک آؤٹ ہوئے۔ تاہم اوور کی چوتھی گیند پر کوہلی کے چھکے کی وجہ سے ہندوستان نے چھ وکٹ کے نقصان پر 160 رنز کا ٹارگٹ حاصل کر لیا۔ پاکستان نے پاور پلے میں 159 رنز کے اسکور کا دفاع کرتے ہوئے ہندوستان کی چار وکٹیں حاصل کئے۔ نسیم شاہ نے ایشیا کپ 2022 کی کہانی دہرائی اور لوکیش راہول (4) اُن کی گیند کو وکٹوں پر کھیل بیٹھے ۔ حارث رؤف نے روہت شرما (4) اور سوریہ کمار یادو (15) کو آؤٹ کیا جبکہ اکشر پٹیل رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ 31/4 کے بعد کوہلی اور پانڈیا نے شراکت داری شروع کی۔ ہندستان کو 60 گیندوں پر 116 رنز درکار تھے جبکہ نصف اننگز تک صرف 45 رنز بنے تھے ۔ دونوں بلے بازوں نے 12ویں اوور میں محمد نواز کے گیندوں پر تین چھکے لگا کر 20 رنز بنائے اور یہیں سے ہندوستانی اننگز کا رخ ہی بدل گیا۔ اننگز کے 16 ویں اور 17 ویں اوور میں اگرچہ پاکستان نے رن ریٹ کو روکنے کی کوشش کی، لیکن کوہلی نے 19 ویں اوور میں حارث رؤف کی گیند پر دو چھکے مار کر میچ کو دوبارہ ہندوستان کے حق میں جھکا دیا۔ اس اننگز کے ساتھ کوہلی ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے، جبکہ ہاردک نے کھیل کے اس فارمٹ میں ہندوستان کیلئے 1000 رنز بھی مکمل کرلئے ۔ شاداب خان نے پاکستان کیلئے کفایتی بولنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں صرف 21 رنز دیے ، حالانکہ انھیں کوئی وکٹ نہیں ملی۔ نسیم نے چار اوورز میں 23 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ حارث رؤف (4اوورز، 36 رنز) اور (نواز 4 اوورز، 42 رنز) نے دو، دو وکٹیں حاصل کئے۔ اس سے قبل افتخار نے 34 گیندوں پر دو چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 51 رن بنائے جبکہ شان مسعود نے 42 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے ۔ نویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آئے شاہین شاہ آفریدی نے آٹھ گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 16 رنز بنائے۔ پاکستان کے اوپنرز 15 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ڈیبیو کرنے والے ارشدیپ سنگھ نے اپنی پہلی گیند پر بابر اعظم (0) کی وکٹ حاصل کی جبکہ انہوں نے اپنے اگلے ہی اوور میں محمد رضوان (4) کو آؤٹ کر دیا۔ شان اور افتخار نے وکٹ پر کچھ وقت تحمل سے گزارنے کے بعد ہاتھ کھولے ۔ افتخار نے 12ویں اوور میں اکشر پٹیل کی گیند پر تین چھکے لگاتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی، مگر وہ اگلے ہی اوور میں محمد سمیع (1/25) کا شکار ہو گئے ۔ شان، افتخار کے درمیان تیسری وکٹ کیلئے 76 رنز کی شراکت کے بعد پاکستان نے تیزی سے تین وکٹیں گنوا دیئے۔ پانڈیا (3/30)نے میچ میں ہندوستان کو واپسی کراتے ہوئے شاداب خان، حیدر علی اور محمد نواز کو پویلین بھیجا جبکہ ارشدیپ (3/32) نے آصف علی (2) کی قیمتی وکٹ حاصل کی۔ بھونیشور کمار (1/22) نے آخری اوور کی پہلی گیند پر چھکا لگانے کے بعد شاہین کو آؤٹ کیا۔ لگاتار وکٹیں گنوانے کے باوجود پاکستان نے آخری پانچ اوورز میں 53 رنز کے ساتھ 159/8 اسکور کئے۔