حیدرآباد ۔ 4 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : دور جدید میں ڈیزائننگ شعبہ میں کیرئیر کے شاندار مواقع موجود ہیں یہی وجہ ہے کہ مسلمہ اداروں کی جانب سے کئی ایک عصری اور اختراعی کورسس متعارف کئے جارہے ہیں جب کہ یو جی سی سے مسلمہ یونیورسٹی ورلڈ یونیورسٹی آف ڈیزائن (ڈبلیو یو ڈی ) ڈیزائن مینجمنٹ ویژول آرٹس اینڈ آرکیٹکچر میں پی ایچ ڈی داخلے کا اعلامیہ جاری کردیا ہے ۔ ڈبلیو یو ڈی ہندوستان کی واحد یونیورسٹی ہے جس نے مذکورہ کورسیس میں پی ایم جی کورسیس متعارف کیا ہے اور تعلیمی سال 2019 کے آغاز پر داخلوں کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جب کہ درخواست دینے کی آخری تاریخ 11 جنوری مقرر کی گئی ہے ۔ ڈبلیو یو ڈی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سنجے گپتا نے کہا ہے کہ جیسا کہ دنیا علوم سے اختراعی صلاحیتوں کی طرف گامزن ہے اور ہندوستان میں بھی اختراعی صلاحیتوں کے حامل افراد کی مانگ میں روز بہ روز اضافہ ہورہا ہے لہذا یونیورسٹی انتظامیہ تعلیم کے اختراعی شعبے میں نئے نصاب کو متعارف کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں ۔ مذکورہ یونیورسٹی کا بین الاقوامی سطح پر معروف یونیورسٹی کے ساتھ تعاون بھی موجود ہے جس میں یونیورسٹی آف ہوڈرس فیلڈ ، آکسفورڈ بروکس یونیورسٹی ، ایمیلی کیر یونیورسٹی آف آرٹ اینڈ ڈیزائن وغیرہ قابل ذکر ہیں ۔۔