ممبئی : مرکزی حکومت نے رواں سال مقررہ ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق حکومت کے اس فیصلے سے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جے شاہ نے اعلیٰ کونسل کو آگاہ کیا۔ حکومت ہند کے اس فیصلے کے بعد بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو اکتوبر میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے انڈیا کا سفر کرنے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئے گی۔ اعلیٰ کونسل کے رکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ویزا جاری کرنے کا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ پاکستانی شائقین کرکٹ کو ویزے جاری کیے جائیں گے یا نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیکریٹری نے اجلاس میں اعلان کیا کہ اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ہم نے آئی سی سی سے وعدہ کیا تھا کہ معاملہ حل ہوجائے گا۔ دوسری جانب بی سی سی آئی نے ورلڈ ٹی 20 کیلئے 9 مقامات کا فیصلہ کر لیا ہے جن میں سے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایونٹ کا فائنل کھیلا جائے گا۔ دیگر مقامات میں دہلی، ممبئی، چینائی، کولکاتا، بنگلور، حیدر آباد اور دھرمشالہ شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے ویزوں کے اجرا کے معاملے پر گزشتہ ماہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھ کر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ خط میں کہا گیا تھا کہ اگر انڈین کرکٹ بورڈ پاکستانی ٹیم، میڈیا اور شائقین کیلئے ویزے کی آسانیاں پیدا نہیں کرتا اور تحریری یقین دہانی نہیں کرواتا تو ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارت (یو اے ای) منتقل کردیا جائے۔ سیاسی تنازعات کے باعث انڈیا اور پاکستان کے درمیان کئی سال سے کوئی باہمی سیریز نہیں کھیلی گئی ہے۔