ورنگل، کھمم و سدی پیٹ مجالس مقامی انتخابات اپریل میں ہونگے

   

فہرست رائے دہندگان اور وارڈس کی حد بندی کا کام جاری، اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی سرگرمیاں
حیدرآباد ۔ تلنگانہ میں مجالس مقامی کے انتخابات توقع ہے کہ اپریل کے آخری ہفتہ میں منعقد ہوں گے۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے کھمم، ورنگل کے علاوہ سدی پیٹ میں انتخابی تیاریوں کا آغاز کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان کی تیاری اور وارڈس کی ازسر نو حد بندی کا کام شروع کردیا ہے۔ مجالس مقامی کی میعاد ختم ہو چکی ہے اور حکومت نے اسپیشل آفیسرس کا تقرر کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کھمم اور ورنگل میونسپل کارپوریشن کے علاوہ سدی پیٹ، جڑچرلہ، نکریکل، اچم پیٹ اور کتور میونسپالٹیز کے انتخابات اپریل کے اواخر یا مئی کے اوائل میں منعقد کئے جائیں گے۔ ناگرجنا ساگر ضمنی چناؤ کے بعد اسٹیٹ الیکشن کمیشن مجالس مقامی پر توجہ مرکوز کرے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ وارڈس کی ازسر نو حد بندی کا کام تیزی جاری ہے اور مارچ کے اختتام تک نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ حکومت دونوں کارپوریشنوں کے وارڈس کی تعداد میں اضافے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ہر میونسپالٹی میں پولنگ اسٹیشنوں کے انتخاب کا کام اپریل میں انجام دیا جائے گا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو فہرست رائے دہندگان اور وارڈس کی حد بندی کے کام سے واقف کرایا جارہا ہے اور جیسے ہی یہ کام مکمل ہوگا انتخابی اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔ کھمم میں نشستوں کی تعداد کو 50 سے بڑھاکر 60 کرنے جبکہ ورنگل میں 58 سے بڑھاکر 66 کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ سدی پیٹ میں وارڈس کی تعداد 43 کی جائے گی۔ اسی دوران ٹی آر ایس نے مجالس مقامی کے انتخابات میں کامیابی کی حکمت عملی ابھی سے تیار کرلی ہے۔ حالیہ گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں میں کامیابی کے بعد پارٹی کا دعویٰ ہے کہ 70 اسمبلی حلقوں میں ٹی آر ایس کا موقف مستحکم ہے۔ دونوں کونسل نشستوں کے تحت 70 اسمبلی حلقے آتے ہیں۔ سابق میں ورنگل اور کھمم دونوں کارپوریشنوں پر ٹی آر ایس کا قبضہ رہا۔ اس مرتبہ اسے بی جے پی اور کانگریس سے سخت مقابلہ درپیش ہوسکتا ہے۔