ورنگل:سارقین کی بین ریاستی ٹولی گرفتار

   

دو کروڑ مالیت کے زیورات اور دیگر اشیاء ضبط ، پولیس کمشنر کا انکشاف

ورنگل /13 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ورنگل پولیس کمشنریٹ میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے وی رنگاناتھ کمشنر آف پولیس نے بتایا کہ غازی آباد اترپردیش سے تعلق رکھنے والی 4 رکنی بین ریاستی ٹولی کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ان کے قبضہ سے 2 کروڑ مالیت 380 گرام سونا ، ہیرے کے زیورات 5 لاکھ 20 ہزار مالیت گانجہ ایک پستول ، پانچ راؤنڈ ، ایک کار ، چار موبائل فون دو واکی ٹاکی 4 جعلی آدھارکارڈ 5 ہزار نقد برآمد کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اکبر قریشی ولد حکیم عمر 34 سال غازی آباد اترپردیش ، کپل جتور ولد بھرت ویر عمر 30 ضلع میرٹھ ریاست اترپردیش ، محمد شریف ولد شبیر عمر 50 سال غازی آباد ، ایم ڈی خان ولد شریف اترپردیش کو ورنگل سی سی ایس ٹیم نے مختلف ریاستوں کے ٹول پلازوں اور سی سی کیمروں سے حاصل ہونے والی فوٹیج کی بنیاد پر پولیس نے ملزمین کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ ورنگل پولیس کمشنریٹ حدود میں واقع اپارٹمنٹ میں قفل شکنی کرکے نقد رقم ، زیورات کی چوری کی واردات پیش آنے پر ڈی سی پی کرائم داسری مرلی دھر کی نگرانی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ۔ عادل آباد ، بنگلور میں بھی اس طرح کی چوری کی واردات پیش آنے پر خصوصی طور پر تحقیقات کا آغاز کیا ۔ صوبیداری تلنگانہ جنکشن کے پاس گاڑیوں کی تنقیح پر شک کی بناء پر کار کو روکنے پر ان سارقوں کی گرفتاری عمل میں آئی ۔ یہ ٹولی چوری کی وارداتوں کو انجام دینے کے علاوہ غیر قانونی طور پر گانجہ بھی فروخت کیا کرتی تھی ۔ ملگ ضلع میں 104 کیلو گانجہ خریدی کی گئی تھی ۔ اس ٹولی کی جانب سے یہ لوگ گانجہ خریدکر دہلی میں فروخت کیا کرتے تھے ۔