اسٹیٹ الیکشن کمشنر کی ضلع کلکٹرس سے ویڈیو کانفرنس، فہرست رائے دہندگان کو قطعیت
حیدرآباد۔ تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشن کے علاوہ نکریکل، سدی پیٹ، اچم پیٹ، جڑچرلہ اور کتور میونسپلٹیز کے انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد کی مخلوعہ نشستوں پر اسٹیٹ الیکشن کمیشن ضمنی چناؤ کے انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے فہرست رائے دہندگان کی تیاری اور پولنگ اسٹیشنوں کی شناخت کے بارے میں نوٹیفکیشن جاری کرنے فیصلہ کیا ہے۔ پارتھا سارتھی نے متعلقہ اضلاع کے کلکٹرس ، ایڈیشنل کلکٹرس ( لوکل باڈیز ) اور میونسپل کمشنر کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کا آغاز ہوچکا ہے اور کمشنر و ڈائرکٹر میونسپل اڈمنسٹریشن ریاستی الیکشن آفیسر کی حیثیت سے ذمہ داری نبھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں ملازمین کا الاٹمنٹ اور پولنگ مراکز پر ضروری انفراسٹرکچر کی فراہمی، بیالٹ پیپرس کی تیاری اور تحفظ جیسے اُمور پر بات چیت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یکم جنوری تک الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان کو قطعیت دے دی ہے۔ 5 اپریل کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کردیا گیا اور 11 اپریل تک اعتراضات کی یکسوئی کرتے ہوئے قطعی فہرست جاری کردی جائے گی۔ سابق میں مقرر کئے گئے پولنگ اسٹیشنوں کو ہی استعمال کرنے کی تجویز ہے اس سلسلہ میں 14 اپریل کو قطعی فہرست جاری کردی جائے گی۔ ریٹرننگ آفیسر، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس کی فہرست کو 8 اپریل تک الیکشن کمیشن منظوری دے گا۔ ریٹرننگ آفیسر، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس کیلئے 12 اپریل کو ٹریننگ پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ وارڈز کی سطح پر بیالٹ پیپر کو قطعیت دیتے ہوئے پرنٹنگ کیلئے روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ و منصفانہ اور پُرامن انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے پولیس عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انتظامات کئے جائیں۔ الیکشن کمیشن میونسپلٹیز اور کارپوریشنوں میں مبصرین کا تقرر کرے گا۔ الیکشن کمشنر نے کہا کہ کوویڈ 19 گائیڈ لائنس پر سختی سے عمل کیا جانا چاہیئے۔ ویڈیو کانفرنس میں ڈائرکٹر میونسپل اڈمنسٹریشن ستیہ نارائنا، سکریٹری اسٹیٹ الیکشن کمیشن اشوک کمار، متعلقہ اضلاع کے کلکٹرس اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔