ورنگل ، ہنمکنڈہ ، قاضی پیٹ کے مذہبی رہنماؤں کا اجلاس

   

27 ستمبر کو جلوس میلادالنبی ؐ ملتوی، بھائی چارگی کے اقدام کی پولیس کمشنر کی جانب سے ستائش

ہنمکنڈہ 22؍ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹر ی سٹی ورنگل ہنمکنڈہ اور قاضی پیٹھ کے مسلم مذہبی رہنمائوں نے ورنگل پولیس کمشنریٹ میں 27 ستمبر کے بجائے 28 ستمبر کو جلوس میلادالنبیؐ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مہینے کی 27 تاریخ کو ونائیکا وسرجن کے ساتھ ساتھ جلوس میلادالنبیؐ کا دن بھی اسی روز آرہا ہے چنانچہ ورنگل پولیس کمشنر اے وی رنگناتھ کی ہدایات کے مطابق ورنگل سنٹرل زون کے ڈی سی پی عبدالباری کی نگرانی میں جمعرات کو پولس کمشنریٹ کے دفتر میں شہر کے مسلم مذہبی رہنمائوں کے ساتھ ایک ملاقات کا اہتمام کیا گیا۔ اس میٹنگ میں سنٹرل زون کے ڈی سی پی عبدالباری کے ساتھ مسلم مذہبی رہنمائوں کی بات چیت ہوئی۔ بعد ازاں یہ طئے پایا کہ ورنگل پولیس کمشنریٹ میں ونائیکا وسرجن اور میلاد النبیﷺ ایک ہی دن یعنی 27 ستمبر کو آنے کو مدنظر رکھتے ہوئے، مسلم مذہبی رہنمائوں نے مذہبی بھائی چارگی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے اور ہندوئوں اور مسلمانوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ پہنچانے کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے، میلاد النبی ﷺکی ریلی کو ملتوی کردیا ہے اور اسے 28 تاریخ کو منانے کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر ورنگل پولیس کمشنر نے مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لیے ریلی کو ملتوی کرنے پر مسلم مذہبی رہنمائوں کو مبارکباد دی۔اس میٹنگ میں مسلم مذہبی قائدین سجادہ درگاہ قاضی پیٹ سیدشاہ غلام افضل بیابانی المعروف خسروپاشاہ کوثر مسجد منڈی بازار کے امام و خطیب مولاناخواجہ جعفر العابدین رضوی، مٹھواڑہ، صوبیداری انسپکٹر وینکٹیشورلو، عبدالشکور اور تینوں شہروں کے ممتاز مسلم مذہبی رہنمائوں نے اس میٹنگ میں شرکت کی۔