ورنگل اربن ضلع کا نیا نام ہنمکنڈہ ضلععوامی نمائندوں کی خواہش پر چیف منسٹر کا اعلان

   


حیدرآباد: چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ورنگل اربن ضلع کا نام بدل کر ہنمکنڈہ ضلع رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ دورہ ورنگل کے موقع پر چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی وزراء ای دیاکر راؤ ، ستیہ وتی راتھوڑ ، ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ اور مقامی عوام کی درخواست پر ورنگل اربن ضلع کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ چیف منسٹر کے اعلان کا عوامی نمائندوں نے خیرمقدم کیا ۔واضح رہے کہ ریاست میں 33 نئے اضلاع کے قیام کے بعد متحدہ ورنگل کو دو اضلاع میں تقسیم کرکے ورنگل اربن اور رورل نام دیئے گئے تھے۔ ورنگل اربن کے وزراء کا مطالبہ تھا کہ ہنمکنڈہ کی طویل تاریخ ہے اور یہ ورنگل اربن کا حصہ ہے ، لہذا اس کا نام بدل کر ہنمکنڈہ رکھا جائے ۔ چیف منسٹر کے اعلان پر عوامی نمائندوں نے اظہار تشکر کیا۔ کے سی آر نے کہا کہ کلکٹریٹ کامپلکس کی تعمیر کا مقصد نظم و نسق کو بہتر بنانا ہے۔ تمام سرکاری دفاتر ایک چھت تلے رہیں گے اور عوام کو مسائل کے حل میں سہولت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ نظم و نسق کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی مسائل کی یکسوئی کو ترجیح دیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ضلع میں کلکٹر کامپلکسوں کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔