ورنگل اسمارٹ سٹی کی تعمیر کے لیے مرکز سے 196 کروڑ کی اجرائی

,

   

۔46 کروڑ کے کام مکمل ، پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار کی وضاحت
حیدرآباد: پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے ورنگل کو اسمارٹ سٹی پراجکٹ کے تحت جو فنڈ جاری کئے تھے ، وہ مکمل طور پر خرچ کئے گئے اور فنڈ کو دیگر اغراض کیلئے منتقل نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ہند نے جون 2015 ء کو اسمارٹ سٹی مشن کا آغاز کیا تھا جس کے تحت ورنگل کو مئی 2016 ء میں شامل کیا گیا ۔ مرکز نے 196.40 کروڑ جاری کئے اور مکمل رقم ورنگل کو منتقل کی جاچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 4 مراحل میں یہ رقم جاری کی گئی ہے۔ اروند کمار نے کہا کہ مرکز کی رقم کو کسی اور مقصد کیلئے منتقل کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک 63 مختلف کاموں کی تکمیل کی گئی ہے جن کی لاگت 46.67 کروڑ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 40.67 کروڑ کا فنڈ ابھی تک خرچ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل کارپوریشن کے پاس مئی 2021 ء تک اسمارٹ سٹی پراجکٹ کے تحت مختلف کاموں کی تکمیل کے لئے فنڈس موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اراضیات کے حصول اور تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کی تیاری میں تاخیر کے سبب اسمارٹ سٹی کے کام میں کسی قدر رکاوٹ ہوئی ہے۔ ریاستی حکومت نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے پراجکٹ کے کام کو آگے بڑھایا ہے۔ ریاستی حکومت نے پٹنا پرگتی اسکیم کے تحت 72.87 کروڑ اور چیف منسٹر کی جانب سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے 109.29 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں۔