اڑان اسکیم کے تحت مرکز کا فیصلہ، تلنگانہ حکومت نے 6 مقامات کی نشاندہی کی
حیدرآباد ۔9 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) ملک کے مختلف علاقوں کو ہوائی خدمات سے جوڑنے سے متعلق اڑان اسکیم کے تحت مرکزی حکومت تلنگانہ میں ورنگل اور پدا پلی کو فضائی سرویس سے جوڑنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔تلنگانہ میں علاقائی مربوط پروگرام کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اڑان اسکیم کا پانچ سال قبل آغاز ہوا۔ وزارت شہری ہوابازی کے مطابق مرکزی حکومت 54 مقامات کو آئندہ مرحلہ میں اڑان اسکیم سے مربوط کرنا چاہتی ہے جن میں مذہبی، سیاحتی اور جنگلاتی علاقے شامل ہیں۔ 2022 ء کے اختتام تک ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے ۔ ورنگل اور پدا پلی میں سیاحتی مقامات کے پیش نظر انہیں ایرپورٹ کے طور پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے مرکز سے سفارش کی تھی کہ تلنگانہ میں تین گرین فیلڈ اور تین براؤن فیلڈ ایرپورٹ قائم کئے جائیں۔ جگران پلی (نظام آباد) ، پالونچہ (کتہ گوڑم) اور محبوب نگر نے گرین فیلڈ ایرپورٹ کی تجویز پیش کی گئی جبکہ مامنور (ورنگل) ، بسنت نگر (پدا پلی ) اور عادل آباد میں براؤن فیلڈ ایرپورٹس قائم کرنے کیلئے مرکز کو کئی مکتوب روانہ کئے گئے۔ مرکزی حکومت نے 10 مقامات کی فضائی پٹی کے طور پر نشاندہی کی ہے جن میں ناگرجنا ساگر ، آسام ، مدھیہ پردیش ، راجستھان اور مغربی بنگال کے جنگلاتی سیاحتی علاقے شامل ہیں۔ اڑان اسکیم کے تحت جملہ 29 سیاحتی پٹی کی نشاندہی کی گئی جبکہ 15 مقامات کو مکمل ایرپورٹ کی شکل دی جاسکتی ہے ۔ر
اڑان اسکیم کا اکتوبر 2016 ء میں آغاز ہوا جس کا مقصد ملک میں فضائی رابطے میں اضافہ کرنا ہے۔ ر