ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات کی تیاریاں

   

جنوری میں چناؤ کی منصوبہ بندی ، کے ٹی آر کی قائدین سے امکانی مشاورت
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں کامیابی کے بعد ٹی آر ایس حکومت کھمم اور ورنگل میونسپل کارپوریشن کے انتخابات جنوری میں منعقد کرنے پر غور کر رہی ہے۔ دونوں کارپوریشنوں میں قانون کے مطابق 10 مارچ سے قبل رائے دہی کا عمل مکمل کیا جانا چاہئے ۔ برسر اقتدار پارٹی حیدرآباد میں بہتر مظاہرے اور اور اپنی طاقت پر میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں پر کامیابی کی صورت میں جنوری میں انتخابات منعقد کرسکتی ہے ۔ دونوں اضلاع میں وزراء ، عوامی نمائندوں اورپارٹی قائدین کو تیاریوں کی ہدایت دی جاچکی ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے انتخابات کے سلسلہ میں تکنیکی مسائل کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ورنگل اور کھمم میں ٹی آر ایس دوبارہ کامیابی حاصل کرنے کیلئے ہر ممکن مساعی کرے گی اور دونوں اضلاع میں بی جے پی خاصہ اثر رکھتی ہے۔ کھمم میں حکومت نے وارڈس کی تعداد کو 50 سے بڑھاکر 60 کردیا ہے جبکہ ورنگل میں وارڈس کی تعداد 58 سے بڑھاکر 68 کردی گئی ۔ دونوں اضلاع میں میئر کے عہدہ پر ٹی آر ایس قابض ہے۔ کے ٹی راما راؤ توقع ہے کہ 7 ڈسمبر کو کھمم کا دورہ کرتے ہوئے مقامی قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے ۔ وہ ڈسمبر کے دوسرے ہفتہ میں ورنگل کا دورہ کرسکتے ہیں۔