مجوزہ الیکشن کے پیش نظر فیصلہ، بجٹ میں 100 کروڑ سے زائد مختص
حیدرآباد: انتخابات کے پیش نظر حکومتوں کی جانب سے مخصوص علاقوں میں نئے پراجکٹ کے آغاز اور ترقیاتی کاموں کیلئے بجٹ کی منظوری عام بات ہوچکی ہے۔ دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ سے قبل حلقہ میں کئی ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا تھا ۔ اسی طرح ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے مجوزہ ضمنی چناؤ سے قبل حکومت نے آبپاشی پراجکٹس کے بشمول کئی ترقیاتی اسکیمات کا اعلان کیا ۔ اب جبکہ ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات قریب ہیں، حکومت نے دونوں کارپوریشنوں میں انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے علی الترتیب 2050 کروڑ اور 150 کروڑ کی منظوری دی ہے۔ ان منظوریوں کو تلنگانہ بجٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے حالیہ عرصہ میں دونوں کارپوریشنوں میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح انجام دیا تھا ۔ حیدرآباد میں موسیٰ ندی ترقیاتی پراجکٹ کی طرز پر حکومت نے مانیر ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کے لئے 100 کروڑ مختص کئے ہیں۔ کریم نگر میونسپل کارپوریشن کے حدود میں 9 کیلو میٹر تک ترقی پر یہ رقم خرچ کی جائے گی ۔ حکومت نے میونسپل کارپوریشنوں ، میونسپلٹیز اور مجالس مقامی میں پٹنہ پرگتی بحران پروگرام کے تحت 15030 کروڑ خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ گجویل میں ویجیٹیرین اور نان ویجیٹیرین مارکٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ ٹی آر ایس کو امید ہے کہ کھمم اور ورنگل کے لئے فنڈس کی منظوری سے بلدی انتخابات میں پارٹی کو فائدہ ہوگا۔