حیدرآباد۔ ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات میں تاخیر کا امکان ہے کیونکہ بلدی وارڈز کی حد بندی کا کام مکمل نہیں ہوا ہے۔ دونوں کارپوریشنوں کی میعاد ختم ہوچکی ہے اور حکومت نے دونوں کیلئے اسپیشل آفیسرس کا تقرر کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے بعد حکومت کارپوریشنوں کے انتخابات کا ارادہ رکھتی ہے۔14مارچ سے قبل انتخابات ہونے تھے لیکن حکومت نے یکم فروری کو بلدی وارڈز کی از سر نو حد بندی کے احکامات جاری کئے۔ از سر نو حدبندی اور قطعی نوٹفکیشن کی اجرائی کے بغیر اسٹیٹ الیکشن کمیشن انتخابی عمل کا آغاز نہیں کرسکتا۔ گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کے 58 وارڈز ہیں اور ہر ایک میں رائے دہندوں کی تعداد 14 ہزار کے قریب ہے۔