ورنگل16ا گسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )کلکٹر ورنگل ڈاکٹر ستیا شاردا نے کہاکہ ضلع میں احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں اس لئے کہ آنے والے دنوں میں شدید اور موسلا دھار بارش کاامکان ہے۔کلکٹر نے ورنگل کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس میں منعقد کیا جس میں بارش سے ہونے والے نقصانات کے بچنے کے لئے کئے جانے والے احتیاطی اقدامات اور مختلف اسکیموں کے تحت کئے جارہے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر کلکٹر نے مخاطب کرتے ہوئے عہدیداروں کو بارش کے موسم میں درپیش مسائل کا سامنا کرنے کے لئے چوکس رہنے کی ہدایت دی کیونکہ 17,18تاریخ کو زبردست بارش کا امکان ہے اگرچہ ضلع میں کوئی خطرناک حالات نہیں ہے۔ انہوںنے کہاکہ خستہ ہال مکانات اور اسکولس کی نشاندہی کی جائے اور ان میں رہنے والوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے تاکہ شدید بارشوں سے جانی و مالی نقصان سے بچاجاسکے۔انہوںنے کہاکہ شدید بارشوں کے وجہ سے کسی کو کوئی نقصان نہ پہنچے اس کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں۔انہوںنے آبپاشی عہدیداروں سے کہاکہ وہ ڈیموں اور تالابوں کے حالات پر مسلسل نظر رکھیں۔اس اجلاس میں اڈیشنل کلکٹر سندھیہ رانی ،ضلع پریشد سی ای او رام ریڈی ،محکمہ آبپاشی کے ای ایز شنکر ،سنیتا ،ڈسٹرکٹ آر اینڈ بی آفیسر ،ضلع پنچایت آفیسر کلپنا ،ڈسٹرکٹ مارکٹنگ آفیسر سریکھا ،آر ڈی اوز ستیا پال ریڈی ،اومارانی ،تحصیلدار اور مختلف محکموں کے عہدیدار موجود تھے۔