حیدرآباد 28جون (یو این آئی )تلنگانہ کے ورنگل ضلع کے کنٹا پلی گاؤں میں ہفتہ کی صبح ایک نوجوان نے مبینہ طور پر اپنی ماں کو زندہ جلا دیا۔ملزم ایم ستییش نے اپنی 50 سالہ ماں ونودھا پر پٹرول ڈال کر آگ لگا دی۔ شدید زخمی حالت میں خاتون کو فوری طور پرایم جی ایم اسپتال، ورنگل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق وہ 85 فیصد جھلس چکی ہیں اور اس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔اسپتال میں خاتون نے مجسٹریٹ کے سامنے دیے گئے بیان میں اپنے بیٹے کی حرکت کی تصدیق کی ہے ۔ واقعہ کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔ متاثرہ خاتون کے ارکان خاندان کی شکایت پر مقامی پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔ ابتدائی جانچ میں واقعہ کی وجہ جائیداد کا تنازعہ بتائی جا رہی ہے ۔ پولیس ملزم کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے ۔