ورنگل رورل ضلع کا نام تبدیل کرکے ہنمکنڈہ رکھنے کا امکان

   

حیدرآباد : ریاستی وزیر پنچایت راج و دیہی ترقیات ای دیاکر راؤ نے کہاکہ ورنگل ضلع رورل کا نام تبدیل کرکے ہنمکنڈہ رکھنے کا قوی امکان ہے۔ 21 جون کو چیف منسٹر ضلع ورنگل کا دورہ کریں گے اور مختلف ترقیاتی و تعمیری کاموں کے پروگرامس میں حصہ لیں گے۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر گورنمنٹ چیف وہپ ونئے بھاسکر کے علاوہ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور لائبریری کے صدرنشین عزیز خان بھی موجود تھے۔ ای دیاکر راؤ نے کہاکہ طویل عرصہ سے رورل ضلع ورنگل کا نام تبدیل کرکے ہنمکنڈہ رکھنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ امکان ہے اس مسئلہ پر چیف منسٹر کے سی آر فیصلہ کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ 21 جون کو صبح 10 بجے چیف منسٹر ورنگل کا دورہ کریں گے۔ 10.30 بجے ورنگل جیل کی اراضی پر سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ 11 بجے کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی کا افتتاح کریں گے۔ 11.45 بجے کلکٹریٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کریں گے۔ بعدازاں وہ یدادری کے لئے روانہ ہوں گے۔ وزیر پنچایت راج نے کہاکہ ریاست میں سماج کے تمام طبقات کے عوام حکومت کی کارکردگی، ترقیاتی و تعمیری اور فلاحی اقدامات سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ لاک ڈاؤن ہونے کے باوجود کسانوں سے مکمل دھان خریدا گیا جس کی ملک کے دوسری ریاستوں میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ انھوں نے کہاکہ ایم جی ایم ہاسپٹل میں عوام کو مؤثر طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ورنگل میں 56 ایکر اراضی پر 30 منزلہ عصری سہولتوں سے لیس ہاسپٹل تعمیر کیا جارہا ہے۔ انھوں نے ضلع ورنگل کی ترقی پر ضلع کے عوام کی طرف سے وہ چیف منسٹر سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔