اضافی رقم کے خرچ کی تحقیقات کے لیے چیف منسٹر کی ہدایت
حیدرآباد ۔30۔ اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ورنگل میں سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کی تعمیری مصارف میں اضافہ کی تحقیقات کیلئے ویجلنس اینڈ انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دی ہے۔ سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کی تعمیر کیلئے ابتداء میں 1100 کروڑ کا تخمینہ مقرر کیا گیا تھا لیکن اس میں 1726 کروڑ تک اضافہ کردیا گیا۔ چیف منسٹر نے اپنے حالیہ دورہ ورنگل کے موقع پر ضلع عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں ہاسپٹل کی تعمیر پر اضافی خرچ کا انکشاف ہوا۔ چیف منسٹر نے اس معاملہ کی جانچ اور آڈٹ کی ہدایت دی۔ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو بتایا کہ سابق حکومت کی زبانی ہدایت پر تخمینہ میں اضافہ کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے سوال کیا کہ صرف زبانی ہدایت پر کس طرح 626 کروڑ کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ عہدیداروں نے تعمیری کاموں میں بے قاعدگیوں کی بھی نشاندہی کی تھی ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ہاسپٹل میں ماربل کیلئے فی مربع فٹ 500 روپئے خریدی کی گئی جبکہ مارکٹ ویلیو 300 روپئے ہے۔ اسی طرح کی کئی بے قاعدگیوں کا پتہ چلنے پر چیف منسٹر نے تحقیقات کی ہدایت دی۔ 1