ورنگل۔ 15 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ورنگل پولیس کمشنر امبر کشور جھا نے کہا کہ ہمیں دوسرے کے مذاہب کے تہواروں کا احترام کرنا چاہیے اور خوشی کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اتوار کو پولیس کمشنریٹ دفتر میں مسلم مذہبی قائدین کے ساتھ امن کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کرتے ہوئے پولیس کمشنر نے یہ بات کہی۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ میلاد النبی ؐ 16 ستمبر کو ہے لیکن گنیش وسرجن کے باعث کسی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لیے ورنگل پولیس کمشنر کی نگرانی میں مسلم مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا۔ پولیس کمشنر نے ہدایت دی کہ تمام مسلم مذہبی قائدین 19 تاریخ کو میلاد النبی منائیں گے۔ پولیس کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ ہر مذہب کو اپنے تہواروں میں نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور پرامن ماحول میں ان تقریبات کا انعقاد کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل شہر مذہبی ہم آہنگی کے لحاظ سے دوسرے علاقوں کے لیے ایک مثال ہے۔ قاضی پیٹ درگاہ کے سجادہ نشین خسرو پاشا نے بھی خطاب کیا اور آپسی قومی یکجہتی پر روشنی ڈالی۔ ویسٹ زون کے ڈی سی پی رویندر، اے سی پی جتیندر ریڈی، نندیرامنائک، دیویندر ریڈی، کشور، اور تروپتی سمیت انسپکٹرز نے میٹنگ میں شرکت کی اور امن قائم رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔