اتم کمار ریڈی اور جانا ریڈی کی شرکت، ہر گھر سے ایک کسان کوشرکت کی دعوت
حیدرآباد۔29 ۔ اپریل (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ 6 مئی کو ہر گھر سے ایک کسان کو ورنگل میں راہول گاندھی کے جلسہ عام میں شرکت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کا جلسہ عام تاریخی نوعیت کا حامل رہے گا جس میں پانچ لاکھ سے زائد کسانوں کی شرکت کی توقع ہے۔ ریونت ریڈی نے آج ناگرجنا ساگر میں پارٹی قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے راہول گاندھی کے پروگرام کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی ، سابق سی ایل پی لیڈر جانا ریڈی ، سابق وزراء آر دامودر ریڈی ، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی اور ضلع کانگریس کمیٹیوں کے صدور و سینئر قائدین نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے راہول گاندھی کے پروگرام کو کامیاب بنانے کا عہد کیا۔ حیدرآباد سے ناگرجنا ساگر روانگی کے دوران ریونت ریڈی نے راستے میں کسانوں سے ان کے کھیتوں میں ملاقات کی۔ انہوں نے دھان کی خریدی اور متبادل فصلوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ریونت ریڈی نے کسانوں سے انہیں درپیش مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت سے نمائندگی کا تیقن دیا۔ انہوں نے کسانوں سے کہاکہ 6 مئی کو ورنگل میں راہول گاندھی کے جلسہ عام میں شرکت کریں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر حکومت کسانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے ۔ کسانوں کو ایک لاکھ روپئے تک قرض کی معافی کا وعدہ کیا گیا تھا جو پورا نہیں ہوا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی اور کے سی آر دونوں کسانوں کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کسانوں کو بھروسہ دلایا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی رہے گی جو کسانوں کی بھلائی کیلئے ایکشن پلان تیار کرے گی۔ اتم کمار ریڈی اور جانا ریڈی نے ضلع کانگریس کمیٹیوں کو ہدایت دی کہ ورنگل جلسہ عام میں بڑی تعداد میں کسانوں کی شرکت کو یقینی بنائیں۔ر