ورنگل میں سائنیٹ اور ٹیک مہندرا آئی ٹی کیمپسوں کا افتتاح

,

   

نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ، وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما راؤ کا خطاب

ورنگل 7 جنوری (این ایس ایس) وزیر صنعتیں و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے ورنگل کے مضافاتی علاقہ مادی کنڈہ میں مائنسٹ اور ٹیک مہندرا کے جدید تعمیر شدہ دو ٹیکنالوجی کیمپسوں کا افتتاح کیا۔ آئی ٹی کے یہ دونوں بڑے ادارے ورنگل کے مادی کنڈہ پارک سے اپنے کام کا آغاز کریں گے۔ مائنٹ کیمپس پانچ ایکر اراضی پر تعمیر کیا گیا ہے جو 600 تا 700 افراد کو روزگار فراہم کرے گا اور ٹیک مہندرا میں 100 تا 150 افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ کے ٹی آر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ ریاست میں آئی ٹی سیکٹر کی ترقی کے خواہشمند ہیں جس کے لئے ریاستی حکومت انفراسٹرکچر کے فروغ پر توجہ مرکوز کرے گی۔ کے ٹی آر نے کہاکہ ’مستقبل میں ٹائیر 2 شہروں کو غیر معمولی اہمیت رہے گی۔ حکومت نے ورنگل، کریم نگر، نظام آباد، محبوب نگر، کھمم جیسے شہروں کو ٹائیر 2 شہروں کی حیثیت سے فروغ دینے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس طرح ایسے شہروں میں آئی ٹی مراکز قائم کئے جارہے ہیں‘۔ کے ٹی آر نے کہاکہ 2018 ء میں عالمی اقتصادی فورم کے دوران سائیٹنٹ کے بانی و ایکزیکٹیو چیرمین بی وی موہن ریڈی اور ٹیک مہندرا کے سی ای او اور منیجنگ ڈائرکٹر سی پی گرنانی سے ملاقات کی تھی اور انفراسٹرکچر کی تمام سہولتوں سے آراستہ ضلع ورنگل میں ان کی کمپنیاں قائم کرنے کی درخواست کی تھی۔