ورنگل میں سرکاری اسکیمات کی تشہیر کیلئے خوبصورت جنکشنس کی تعمیر

   

Ferty9 Clinic


خیرمقدمی کمانوں پر 8 کروڑ روپئے کا خرچ، انتخابات سے قبل ترقیاتی سرگرمیاں
حیدرآباد۔ گریٹر ورنگل بلدی انتخابات سے قبل حکومت نے بعض منفرد ترقیاتی منصوبوں پر عمل آوری کا آغاز کیا ہے۔ کاکتیہ اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ورنگل، ہنمکنڈہ اور قاضی پیٹ میں مختلف عصری جنکشن تعمیر کئے جائیں گے جن کے ذریعہ حکومت کی مختلف اسکیمات کی تشہیر کی جائے گی۔ ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو نے بتایا کہ جنکشنس میں فوارہ قائم کیا جائے گا اور یہ ہمہ رنگی ڈسپلے پر مشتمل ہوگا۔ عوام اس رنگین فوارہ سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔ عصری جنکشنس کی تعمیر کیلئے 8 سے زائد علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ کاکتیہ اربن ڈیولپٹنٹ اتھارٹی، بلدی نظم و نسق اور گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کے عہدیداروں کے ساتھ ضلع کلکٹر نے اجلاس منعقد کیا اور جنکشنس کو خوبصورت بنانے کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ کمشنر گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن پی ست پتی نے عہدیداروں سے کہا کہ خیرمقدمی کمانوں کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائے جو شہر میں داخلہ کے مقامات پر رہیں گے۔ ورنگل۔ کھمم روڈ ، ورنگل ۔ نرسہم پیٹ روڈ، ورنگل ۔ حیدرآباد روڈ اور ورنگل۔ کریم نگر روڈ پر خیرمقدمی کمانوں کی تعمیر کا کام20 جنوری تک مکمل کرلیا جائے گا۔ 8 کروڑ کی لاگت سے تاریخی شہر ورنگل کی خیرمقدمی کمانیں تعمیر کی جارہی ہیں۔ اسمارٹ سٹی مشن کے تحت انہیں تعمیر کیا جارہا ہے اور کمانوں کی دونوں جانب 475 میٹر اپروچ روڈ تعمیر کی جائے گی۔