ورنگل میں سیاہ قوانین کے خلاف دستخطی مہم

   

ورنگل ۔ /4 فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سید ولی اللہ قادری ریاستی صدر آل انڈیا یوتھ فیڈریشن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ AIYF کی جانب سے 7 تا /14 فبروری NRC, CAA, NPR کے خلاف عوام میں شعور بیداری مرکزی حکومت کا کالا قانون کے خلاف دستخطی مہم چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے خلاف مرکزی حکومت چالاکی کے ساتھ اس کالے قانون کو نافذ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ اس کو ناکام بنانے کیلئے گھر گھر جاکر عوام کے تعاون سے دستخطی مہم چلائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے اس طرح کے قوانین کو لارہی ہے ۔ فرقہ پرست حکومت کے پاس عوام کی ترقی کیلئے کوئی ایجنڈہ نہیں ہے ۔ ہم سال 2014 ء سے دیکھ رہے ہیں ۔ یہ حکومت ملک میں نفرتوں کو بڑھاوا دیا ہے ۔ عوام میں تفریق پیدا کی ۔ لوجہاد ، گئوماتا ، وندے ماترم ، پاکستان ، کشمیر کے نام پر مسلمانوں اور دلت طبقہ کو پریشان کررکھا ۔ بی جے پی حکومت کے شائن انڈیا ، میک ان انڈیا کے بوگس نعروں سے عوام بیزار ہوچکے ہیں ۔ فرقہ پرست طاقتیں مرکزی حکومت کا سہارا لے کر ملک کے سیکولرازم کو ختم کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں ۔ ہم سب کو مل کر اس ملک کے دستور اور سیکولرازم کو بچانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے ، این پی آر اور این آر سی ملک کے آئین کے خلاف ایک بڑی سازش ہے ۔ لیکن ملک کی عوام اسے کبھی پورا نہیں ہونے دے گی ۔ آر ایس ایس اور بھاجپا کا اس ملک کے آئین پر یقین نہیں ہے وہ یہاں ہر منوسمرتی کا نفاذ چاہتے ہیں ۔ اس لئے یہ ان قوانین کو ملک پر تھوپنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ اس موقع پر ضلع سکریٹری کے چرنجیوی ، نریش ، چنٹی ، راکیش وہ دیگر موجود تھے ۔