ورنگل میں کروڑہا روپیوں کی درگاہ کی قیمتی اراضی کے تحفظ کا عزم

   

بائیں بازو جماعت سے جدوجہد، سید ولی اللہ قادری کا بیان
حیدرآباد ۔ 16 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر ورنگل میں کروڑہا روپئے مالیتی درگاہ کی قیمتی اراضی کو بچانے کیلئے بائیں بازو نے بیڑا اٹھایا ہے۔ آل انڈیا اسٹوڈنٹ فیڈریشن کے قائد سید ولی اللہ قادری نے درگاہ حضرت ہدایت علی شاہ قادری بنارسیؒ کی قیمتی اراضی کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ کروڑہا روپئے مالیتی اوقافی جائیداد کے تحفظ میں وقف بورڈ اور مقامی عہدیدار ناکام ہوگئے۔ انہوں نے اراضی کے تحفظ کیلئے فوری حصاربندی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس قیمتی اوقافی جائیداد کو جو دن بہ دن ناجائز قابضین کی نذر ہورہا ہے۔ اس کا تحفظ کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے حصاربندی تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھنے کا اعلان کیا اور تاخیر پر بڑے پیمانے پر احتجاج اور بھوک ہڑتال جاری رکھنے کا انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع ورنگل کی تمام اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے ایک تحریک چلائی جائے گی۔ انہوں نے مقامی رکن اسمبلی اور رکن پارلیمنٹ کو اوقافی جائیدادوں کے تعلق سے تنقید کا نشانہ بنایا اور وقف بورڈ کے صدرنشین پر تنقید کرتے ہوئے ان سے سوال کیا کہ آیا وہ شہر حیدرآباد کے چیرمین ہیں یا پھر ریاست تلنگانہ کے چونکہ ریاست میں کروڑہا روپئے مالیتی اوقافی جائیدادوں پر قبضہ جاری ہے لیکن وقف بورڈ کی جانب سے تحفظ کے کوئی اقدامات نہیں ہوتے۔ انہوں نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور اس کی ترقی کیلئے ان اراضیات کو مسلم مفاد میں فلاح و بہبود کیلئے استعمال کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اوقافی اراضیات کو مسلم مفادات کے استعمال میں لانے کیلئے ریاست گیر مہم چلائی جائے گی۔ ع