ریاستی وزیر کنڈا سریکھا ، نومنتخبہ وزیر محمد اظہر الدین ، خسرو پاشاہ و دیگر کی شرکت
ورنگل ۔5نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ورنگل میں 15نومبربروز ہفتہ کرسٹل گارڈن فنکشن ہال ایل بی نگر ورنگل میں اُردو ٹیچرس اسوسی ایشن تلنگانہ (UTA TS)کے زیر اہتمام ایک روزہ ریاستی سطح کی اُردو ٹیچرس کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا جارہاہے۔ اسٹیٹ میڈیا سیکرٹری محمد طاہرنے ریاستی کانفرنس کی تفصیلات سے واقفیت کرواتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں اْردو میڈیم ذریعہ تعلیم کے مستقبل کے چیلنجس پر غور و خوص کرنے ، اُردو زبان کے فروغ اور ترقی کی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کرنے، اُردو میڈیم اسکولوں کو مستحکم کرنے کیلئے تعلیمی منصوبہ بندی کو وضع کرنے اور ریاست کے تمام اضلاع کے اْردو میڈیم اساتذہ سے گفت و شنید ، تبادلہ خیال اور اْردو ذریعہ تعلیم کے روڈ میپ کی تیاری میں حصہ لینے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنے کے مقصد کے تحت اس کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا جارہاہے۔ اُردو کی اس تعلیمی و ثقافتی تقریب میں ریاستی وزراء ، ارکان اسمبلی کے علاوہ اْردوشعراء و ادباء ، مصنفین و دانشوران اوراُردو میڈیم مدارس کے اساتذہ کرام شرکت کریں گے۔ خواجہ قطب الدین، ریاستی صدرUTA TSکانفرنس کی صدارت کریں گے،محمد طاہر اسٹیٹ میڈیا سیکرٹری نگران کانفرنس جبکہ خواجہ ظہیر الدین ، صدرمدرس سرکاری مدرسہ تحتانیہ کانفرنس کے کنوینر رہیں گے۔ ریاستی کانفرنس میں کنڈا سریکھاریاستی وزیر جنگلات و انڈومنٹ تلنگانہ، محمد اظہر الدین ریاستی وزیر اقلیتی بہبود و پبلک انٹر پرائزز تلنگانہ ،اسد الدین اویسی ، مرزا رحمت بیگ ایم ایل سی ،سری پنگلی سری پال ریڈی ایم ایل سی ، سیدغلام افضل بیابانی چیرمن تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی ، عظمت اللہ حسینی چیرمین وقف بورڈ تلنگانہ، محمد عبید اللہ کوتوال چیرمن تلنگانہ میناریٹی فینانس ، طاہر بن حمدان چیرمین اُردو اکیڈیمی تلنگانہ ،محمد فہیم قریشی چیرمین و نائب صدر ٹمریزریاست تلنگانہ و دیگر بطور مہمانان خصوصی شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں منظور کی گئی قرارداد اور اْردو میڈیم اسکولس و اساتذہ کے دیرینہ مطالبات و درپیش مسائل کے حل کیلئے ریاستی حکومت سے نمائندگی کی جائیگی۔