غیرجانبدارانہ انتخابات کیلئے سخت اقدامات ، کلکٹر و پولیس کمشنر کا بیان
ورنگل۔یکم ۔ مئی( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )پارلیمانی ریٹرنگ آفیسر و ضلع کلکٹر پی پراونیا نے کہاکہ ورنگل پارلیمانی ایس سی حلقہ کے لئے مقابلہ کرنے والے امیدواروں کے ناموں کو حتمی ٰ شکل دے دی گئی ہے اور انہیں نشانات بھی الاٹ کئے گئے ہیں۔کلکٹر پراونیا نے ورنگل کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں پولیس کمشنر ورنگل امبر کشور جھا کے ساتھ ملکر پریس کانفرنس کو مخاطب کیا۔اس موقع پر کلکٹر نے کہاکہ پارلیمانی حلقہ کے تین اسمبلی حلقوں سے 58افراد نے نامنیشن داخل کیا جس میں 48امیدواروں کو منظور کیا گیا۔6افراد نے نامنیشن واپس لیا اور 42افراد انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔انہیں انتخابی نشانات الاٹ کئے گئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ حلقہ پارلیمنٹ میں 1900پولنگ سنٹر س میں ہر مرکز میں تین ای وی ایم دستیاب رکھے گئے ہیں۔26اپریل 2024کے ووٹرلسٹ کے مطابق ورنگل پارلیمانی حلقہ کے حدود میں 18,24,466ووٹرس اور1026سرویس ووٹرس موجود ہیں۔انہوںنے کہاکہ اب تک 6کروڑ 33لاکھ 31ہزار 72روپئے نقد ،گانجہ ،لیکر اور دیگر اشیاء کو سیز کردیا گیا۔انتخابات میں ڈیوٹی انجام دینے والے تقریبا 12000ہزار ملازمین کو پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ رجسٹر کیا گیا ہے۔پولیس کمشنر امبر کشور جھا نے کہاکہ عام انتخابات کو غیر جانبدارانہ طور پر انعقاد کے لئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔پولنگ سنٹرس اور اسٹرانگ رومس سنٹرس پر سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے۔پولنگ مراکز کے ا?س پاس کے علاقو ں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی مسلسل نگرانی اور مسلح افواج کی گشت کا انتظام کیا جارہا ہے۔اس موقع پر ڈی آر او سرینواس ،ڈی پی آر او محمد ایوب علی ضلع کے پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔