تعلیم یافتہ افراد کی شمولیت سے انتخابی منظر تبدیل
حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) بلدی انتخابات میں پروفیشنلس کی شرکت نے انتخابی مہم کو دلچسپ بنادیا ہے۔ سابقہ ورنگل ضلع میں 52 پروفیشنلس انتخابی میدان میں ہیں جن میں ڈاکٹرس، انجینئرس اور ایڈوکیٹس شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ورنگل ضلع کی9 میونسپلٹیز میں تعلیم یافتہ امیدواروں کی قابل لحاظ تعداد انتخابی میدان میں ہے۔ 9 میونسپلٹیز کے 18 وارڈز میں امیدواروں کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا۔ ٹی آر ایس نے تمام 200 وارڈز میں اپنے امیدوار کھڑا کئے جن میں 18 بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ کانگریس نے 165 اور بی جے پی نے 144 امیدوار میدان میں اُتارے ہیں۔ تلگودیشم کے 21، سی پی آئی 30 ، فارورڈ بلاک 21، تلنگانہ جنا سمیتی 2 اور 221 آزاد امیدوار ہیں۔ وردھنا پیٹ میونسپلٹی میں 4 گریجویٹس اور پوسٹ گریجویٹس مقابلہ کررہے ہیں۔ ایک امیدوار لکچرر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا ہے۔ جنگاؤں میونسپلٹی میں 13 امیدوار گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ یا انجینئرنگ گریجویٹس ہیں۔ نرسہم پیٹ میونسپلٹی میں 4 پوسٹ گریجویٹ امیدوار میدان میں ہیں ان میں سے ایک این آر آئی ہے۔ تھرور میونسپلٹی میں 4 انجینئرنگ گریجویٹس مقابلہ کررہے ہیں۔ پرکال میں 3 امیدواروں نے گریجویشن کی تکمیل کی اور ایک ایڈوکیٹ بھی میدان میں ہے۔ محبوب آباد میں 3 امیدوار پوسٹ گریجویٹ کی تکمیل کرچکے ہیں اور ایک میڈیکل ڈاکٹر ہے۔