اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے پانچ میونسپلٹیز کیلئے بھی الیکشن شیڈول جاری کردیا ، 3 مئی کو نتائج کا اعلان
حیدرآباد: اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے کھمم اور ورنگل میونسپل کارپوریشنوں کے علاوہ پانچ دیگر میونسپلٹیز کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ ریاست میں گزشتہ تین ماہ سے انتخابی ماحول گرم ہے۔ گریجویٹ ایم ایل سی کی دو نشستوں کے انتخابات کے بعد ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کا ضمنی چناؤ کا مرحلہ شروع ہوا۔ ناگرجنا ساگر میں انتخابی مہم آج ختم ہوچکی ہے اور 17 اپریل کو رائے دہی ہوگی۔ ابھی ضمنی چناؤ کی رائے دہی ختم نہیں ہوئی کہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے مجالس مقامی کے انتخابات کا اعلان کرتے ہوئے سیاسی ماحول کو گرم کردیا ہے۔ الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں ورنگل اور کھمم کارپوریشنوں کے علاوہ اچم پیٹ ، سدی پیٹ ، جرچرلہ ، کتور اور نکریکل میونسپلٹیز میں 30 اپریل کو رائے دہی ہوگی۔ 3 مئی کو رائے شماری کے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ کل 16 اپریل سے 18 اپریل تک پرچہ نامزدگی داخل کئے جاسکیں گے ۔ 19 اپریل کو پرچہ جات نامزدگی کی جانچ ہوگی جبکہ 22 اپریل تک نام واپس لینے کی مہلت رہے گی۔ الیکشن کمیشن نے دونوں کارپوریشنوں اور میونسپلٹیز میں محفوظ نشستوں کو قطعیت دے دی ہے۔ جڑچرلہ ، نکریکل اور کتور میونسپلٹیز کے چیرپرسن کے عہدوں کو محفوظ قرار دیا گیا ہے ۔ جڑچرلہ (بی سی ویمن )، نکریکل (بی سی جنرل) اور کتور چیرپرسن کی نشست جنرل ویمن کیلئے مختص کی گئی ہے۔ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی میں عہدیداروں میں لاٹری کے ذریعہ تحفظات کو قطعیت دی ہے۔ ورنگل ، کھمم کارپوریشنوں کے علاوہ سدی پیٹ میونسپلٹی میں محفوظ کی گئی نشستوں کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ ورنگل کارپوریشن میں 66 وارڈس ہیں جبکہ کھمم میں وارڈس کی تعداد 60 رکھی گئی ہے۔ سدی پیٹ میں 43 ، اچم پیٹ 20 ، جڑچرلہ 27 اور کتور میونسپلٹی میں 12 وارڈس پر الیکشن ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے ریاست کے بعض دیگر کارپوریشنوں اور میونسپلٹیز میں مخلوعہ نشستوں کے ضمنی چناؤ کا اعلان کیا ہے ۔ گجویل ، نلگنڈہ میں علی الترتیب وارڈ 12 اور وارڈ 26 پر ضمنی انتخابات منعقد کئے جارہے ہیں۔ جل پلی میونسپلٹی وارڈ 28 ، عالم پور میونسپلٹی کے وارڈ 5 ، بودھن میونسپلٹی کے وارڈ 18 ، پرکالا میونسپلٹی کے وارڈ 9 ، مٹ پلی میونسپلٹی کے وارڈ 8 ، بیلم پلی میونسپلٹی کے وارڈ 30 اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے لنگوجی گوڑہ وارڈ پر ضمنی انتخابات کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ضمنی چناؤ کیلئے شیڈول وہی رہے گا جو میونسپلٹیز اور کارپوریشنوں کا ہے۔ واضح رہے کہ لنگوجی گوڑہ وارڈ میں بی جے پی امیدوار کو کامیابی حاصل ہوئی تھی لیکن حلف لینے سے قبل ہی امیدوار کا دیہانت ہوگیا تھا۔ مجالس مقامی کے انتخابات میں جملہ 11 لاکھ 26 ہزار 221 رائے دہندے اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے ۔ ان میں پانچ لاکھ 53 ہزار 862 مرد اور 5 لاکھ 72 ہزار 121 خاتون ووٹرس ہیں۔