ورنگل کا طالب علم ایک ہفتے سے امریکہ میں لاپتہ

   

حیدرآباد۔ 9 ۔ مئی : ( ایجنسیز ) : تلنگانہ کا ایک طالب علم جو امریکہ کی ایک یونیورسٹی سے ماسٹرز کر رہا ہے، وہاں ایک ہفتہ سے لاپتہ ہے۔ یہاں اس کے ارکان خاندان نے یہ اطلاع دی۔ ارکان خاندان کے مطابق ان کا لڑکا شکاگو میں ایک ہفتہ سے لاپتہ ہے۔ شکاگو میں ہندوستان کے قونصلیٹ جنرل نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یہ جان کر گہری تشویش ہوئی کہ روپیش چندر چنتاکنڈی 2 مئی سے لاپتہ ہے۔پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ روپیش چندر کو ڈھونڈنے کے لئے پولیس اور وہاں دیگر ہندوستانیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ روپیش چندر دسمبر 2023 میں امریکہ گیا تھا اور وسکونسن سٹی کی کانکورڈیا یونیورسٹی سے ماسٹرس ڈگری کی تعلیم حاصل کررہا تھا۔شکاگو پولیس نے بھی طالب علم کے بارے میں ایک بیان جاری کیا ہے جس میں رہائشیوں سے اس کے بارے میں کوئی بھی معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔روپیش چندر کا تعلق ضلع ورنگل سے بتایا جاتا ہے اور اس کا خاندان اس کے اتہ پتہ کے بارے میں پریشان ہے۔ ارکان خاندان نے ہندوستانی وزارت خارجہ اور امریکہ میں ہندوستانی سفارت خانے سے اس کا پتہ لگانے میں مدد کی درخواست کی ہے۔ ارکان خاندان کے مطابق وہ ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھا۔ اس کے والد سدانندم نے بتایا کہ اس نے آخری بار 2 مئی کو ایک واٹس ایپ کال کے ذریعے ان سے بات کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ کسی کام میں مصروف ہے۔بعد میں سدانندم نے دوبارہ اپنے بیٹے سے بات کرنے کی کوشش کی تاہم ناکام رہے کیونکہ وہ آف لائن ہوگیا تھا۔ دو دن انتظار کے بعد روپیش کے گھر والوں نے اس کے روم میٹ سے رابطہ کیا۔انہوں نے اسے بتایا کہ وہ 30 اپریل کو یہ کہہ کر گیا تھا کہ وہ ٹیکساس میں کسی سے ملنے جا رہا ہے۔ وہ دو دن کا کہہ کر گیا تھا کہ واپس آجائیں گا لیکن واپس نہیں آیا۔پھر ارکان خاندان کی درخواست پر اس کے روم میٹ نے شکاگو پولیس میں شکایت درج کرائی۔والد سدانندم نے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی سے رابطہ کیا جنہوں نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کو ایک خط لکھا جس میں لاپتہ طالب علم کا سراغ لگانے میں مدد کی درخواست کی گئی ہے۔گزشتہ ماہ حیدرآباد کا ایک طالب علم جو 7 مارچ سے لاپتہ تھا، امریکی شہر کلیولینڈ میں مردہ پایا گیا تھا۔ کلیولینڈ یونیورسٹی، اوہائیو میں انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے والے محمد عارف 7 مارچ سے خاندان کے ساتھ رابطے میں نہیں تھے اور یہاں ان کے اہل خانہ کو تاوان کی کال موصول ہوئی تھی۔