ورنگل ۔ 12 ۔ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی ورنگل (NIIT) کے پہی ایچ ڈی اسکالر محمد اشفاق کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے شبہ میں علاج کیلئے ایم جی ایم ہاسپٹل شریک کیا گیا ہے ۔ یہ طالب علم اپنے اساتذہ ڈاکر پی ہری پرساد ریڈ ، ڈاکٹر عارف علی کے ساتھ امریکہ میں ایک کانفرنس میں شرکت کے بعد یکم مارچ کو ہندوستان واپس ہوا، محمد اشفاق امریکہ سے واپسی کے بعد ا پنے آبائی گاؤں کرنول (آندھراپردیش) روانہ ہوکر 8 مارچ کو ہنمکنڈہ واپس ہوتے وقت سردی ، بخار اور کھانسی سے متاثر ہونے پر مقامی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ۔ مختلف معائنوں کے بعد ہاسپٹل انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر کو اس کی اطلاع دینے پر گورنمنٹ ایم اجی ایم ہاسپٹل جہاں کورونا وائرس متاثرین کیلئے علحدہ بلاک بنایا گیا ، شریک کیا گیا ۔ محمد اشفاق اپنے گاؤں سے واپس ہنمکنڈہ آنے کے بعد کالج کیمپس میں نہیں آئے ، ڈاکٹروں نے بتایا کہ حالات تشویشناک نہیں ہے۔