حیدرآباد ۔7 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ورنگل کو دوسرے دارالحکومت کے طور پر دیکھتی ہے اور ورنگل کی ترقی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سرینواس ریڈی نے آج ہنمکنڈہ میں وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا کے ساتھ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر سرینواس ریڈی نے کہا کہ متحدہ ورنگل ضلع کی ترقی کیلئے حکومت نے کئی پراجکٹس تیار کئے ہیں۔ ورنگل کی قدیم اور تاریخی مندروں کے تحفظ اور ترقی کا کام جلد ہی مکمل کیا جائے گا۔ کاکتیہ میگا ٹیکسٹائل پارک کی ترقی کیلئے حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ ورنگل میں ڈرینج سسٹم کو ترقی دینے کیلئے 4,000 کروڑ منظور کئے گئے۔ مامنور میں ایرپورٹ کی تعمیر کیلئے اراضی کے حصول کا کام جاری ہے ۔ ضلع کلکٹر اس سلسلہ میں ریونیو حکام کے ساتھ مصروف ہیں اور جلد ہی اراضی کے حصول کا کام مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل شہر میں عوامی انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے بعد ورنگل کو دوسرے دارالحکومت کی طرح ترقی میں حکومت سنجیدہ ہے۔1
