حضرت یعقوب شاہ ولی ؒ کے عرس تقاریب کا اختتام ،رکن اسمبلی آر وی رمیش کا خطاب
ورنگل ۔ ضلع ورنگل رورل کے پروت گری منڈل کے موضع انارم شریف میں حضرت یعقوب شہید ؒ کے سہ روزہ عرس تقاریب کا آج اختتام عمل میں آیا ۔ٹی آر ایس رکن اسمبلی وردھنا پیٹ آروری رمیش نے خصوصیت زیارت کی اور چادر گل پیش کیا ۔اس موقع پر انہوںنے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ورنگل ایک تاریخی اور پرامن شہر ہے جہاں ہندو مسلم اتحاد کے ساتھ رہتے ہیں ۔آپسی اتحاد کے ذریعہ سے ہی ریاست کی ترقی ممکن ہے ۔انہوںنے کہاکہ ریاستی چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ ترقی کی سمت گامزن ہے ۔ریاستی حکومت تمام طبقات کو مسایانہ نظر سے دیکھنے کی پابند عہد ہے ۔انہوںنے عرس تقاریب کے بہتر انتظامات پر ضلع انتظامیہ اور وقف بورڈ سے اظہار تشکر کیا ۔ضلع کلکٹر ایم ہریتا کی ہدایت پر ضلع وقف بورڈ انسپکٹر محمد ریاض پاشاہ کی خصوصی توجہ و نگرانی میں عرس تقریب میں زائرین کے شاندار انتظامات کئے گئے ۔زائرین کے لئے پانی ،برقی ،صاف صفائی اور دیگر بنیادی سہولتوں کو فراہم کیا گیا ۔عرس تقاریب کے ضمن علاقہ کو زبردست روشنیوں سے منور کیا گیا ۔پولیس کا بھی معقول بندوبست کیا گیا ۔28فروری کو صندل شریف کی بر آمدگی ہوئی اور حیدر آباد اور مقامی قوالوں کے ذریعہ محفل سماع کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔یکم مارچ کو چراغاں اور 2مارچ کو ختم قرآن مجید کے بعد عرس تقاریب کا اختتام عمل میں لایا گیا ۔عرس تقریب کے سلسلے میں پولیس کنٹرول بھی قائم کیا گیا جس کی نگرانی مقامی سی آئی کشن نے کی ۔قبل ازیں درگاہ شریف علاقہ میں4لاکھ روپئے مالیت سے قائم کئے گئے 30سی سی کیمروں کا ایسٹ زون ڈی سی پی وینکٹ لکشمی نے افتتاح انجام دیا ۔زائرین کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو وقف بورڈ انتظامیہ نے شاندار انتظامات کئے ۔اس موقع پر وقف انسپکٹر محمد ریاض پاشاہ ،وقف سپرنٹنڈنٹ انارم شیخ آزاد ،محمد عبدالمعز زونل آفیسر وقف بورڈ، محمد ظہیر الدین، محمد محبوب پاشاہ جونیر اسسٹنٹ ،شیخ سلیم ،محمد اظہر الدین اسٹنٹ ٹو انسپکٹر ،ٹیم ممبرس محمد جمیل کے علاقہ درگاہ اسٹاف، شیخ شبیر منڈل کو آپشن ممبر اور زائرین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔