نئی دہلی: ورون گاندھی اور ان کی والدہ مینکا گاندھی کو بی جے پی کی نیشنل ورکنگ کمیٹی سے ہٹا دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یوپی کے لکھیم پور کھیری تشدد معاملہ میں ورون کے لگاتار ٹوئٹ کرنے کے بعد یہ قدم اٹھاتے ہوئے انہیں سزا دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ ورون نے لکھیم پور واقعہ کے حوالہ سے لگاتار ٹوئٹ کئے تھے اور کسانوں کو نشانہ بنائے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ تاہم پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلی معمول کا عمل ہے۔
قتل کرکے خاموش نہیں کیا جا سکتا:ورون گاندھی
بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے لکھیم پور کھیری کی ویڈیو شیئر کی
نئی دہلی : بی جے پی رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی لکھیم پور کھیری تشدد کے بارے میں مسلسل آواز اٹھا رہے ہیں۔ اس واقعہ کی ایک ویڈیو جس میں کسانوں پرگاڑی چڑھا نے کا منظردیکھا جاسکتا ہے ،وائرل ہو ا ہے ، جسے انہوں نے گزشتہ روز شیئر کیا۔ آج انہوں نے اس واقعہ کی ایک اور ویڈیو شیئر کی جو پہلے سے بہتر معیار کی ہے۔ اس میں واقعہ زیادہ واضح طور پر نظر آرہا ہے۔ تاہم ابھی تک اس ویڈیو کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔لکھیم پور کھیری تشدد میں آٹھ افراد ہلاک ہوئے جن میں چار کسان بھی شامل تھے۔ تشدد اس وقت ہوا جب ایک سیاہ ایس یو وی احتجاجی کسانوں کو روندتی چلی گئی۔ ورون نے ویڈیو ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ کسانوں کا خون بہانے والوں کو انصاف دینا ہوگا۔انہوں نے ٹوئیٹ میں لکھا کہ یہ ویڈیو آئینے کی طرح واضح ہے۔ آپ مظاہرین کو مار کر خاموش نہیں کر سکتے۔ بے گناہ کسانوں کا خون بہانے کے لیے جواب دہی طے کرنی ہوگی۔