ممبئی: بالی ووڈ اداکار ورن دھون کی بھتیجی انجنی دھون نے سلمان خان کی آنے والی فلم ’’سکندر‘‘ میں کام کرنے کی تصدیق کردی ہے۔ وہ سدھارتھ دھون کی بیٹی اور سینئر اداکار انیل دھون کی پوتی ہے۔ انجنی نے گزشتہ سال فلم ’’بنّی اینڈ فیملی‘‘ سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا تھا۔ اب وہ سلمان کے ساتھ کام کرنے کیلئے بے حد پرجوش ہیں۔ انجنی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنا ایک خواب سا پورا ہونا ہے۔ ’’میں سلمان خان کی بڑی مداح رہی ہوں۔ مجھے ان کی فلمیں بہت پسند ہیں، خاص طور پر وہ فلمیں جو سلمان خان نے اُن کے چچا ڈیوڈ دھون (فلمساز) کے ساتھ کی ہیں۔‘‘ انجنی نے کہا : ’’مجھے یقین نہیں آرہا میں سلمان خان کے ساتھ کام کر رہی ہوں۔ ہر روز ایک خواب سا محسوس ہوتا ہے۔‘‘ سلمان خان اور رشمیکا مندھانا کی فلم ’’سکندر‘‘ 2025 میں عید پر ریلیز ہوگی۔