بھوبنیشور ۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ ان کی پارٹی میں بی جے پی لیڈر ورون گاندھی کے شامل ہونے کی قیاس آرائیوں سے وہ باخبر نہیں ہیں۔ کانگریس کے سربراہ کے یہ ریمارکس ان کی بہن پرینکا گاندھی وڈرا کی چہارشنبہ کو سرگرم سیاست میں رسمی داخلے کے دو دن بعد منظرعام پر آئے ہیں۔ نہرو گاندھی خاندان کو متحد کرنے کے ایک اقدام کے طور پر ورون گاندھی کی کانگریس میں شمولیت کے بارے میں ایک سوال پر راہول گاندھی نے جواب دیا کہ ’’مجھے ان قیاس آرائیوں کا کوئی علم نہیں ہے‘‘۔ ورون گاندھی جو راہول گاندھی کے چچازاد بھائی ہیں اور فی الحال وہ اترپردیش کے لوک سبھا حلقہ سلطان کے بی جے پی کے رکن ہیں۔ مرکز کی نریندر مودی حکومت میں ورون کی والدہ مینکا گاندھی کابینی وزیر برائے بہبودی خواتین و اطفال ہیں۔