کوچی 7نومبر (یو این آئی) کیرالا سائبر پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک معمر شہری اور ڈاکٹر سے وصول کیے گئے 1 کروڑ 30 لاکھ روپے میں سے 1 کروڑ 6 لاکھ روپے برآمد کر لیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب دھوکہ دہی میں ملوث کے ایک گروہ نے ایک معروف ڈاکٹر سے رابطہ کیا اور جھوٹا دعویٰ کیا کہ ان کے موبائل نمبر کا استعمال مجرمانہ سرگرمیوں میں کیا گیا ہے اور اس معاملے میں سی بی آئی نے معاملہ درج کر لیا ہے ۔ اسی بہانے ان افراد نے ڈاکٹر کو ویڈیو کال پر شامل ہونے کے لیے مجبور کیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق تقریباً 48 گھنٹے تک ویڈیو کال کے ذریعے ڈاکٹر پر مسلسل نگرانی رکھی گئی۔ اس دوران ان پر نفسیاتی دباؤ ڈالا گیا اور انہیں گمراہ کر کے اپنے بینک کھاتے سے 1.30 کروڑ روپے ایک ایسے کھاتے میں منتقل کرنے پر مجبور کیا گیا جو ان افراد کے کنٹرول میں تھا۔ ڈاکٹر کو جب حقیقت کا علم ہوا تو انہوں نے فوراً سائبر کرائم ہیلپ لائن 1930 پر رابطہ کیا اور شکایت درج کرائی۔ سائبر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ بینک اکاؤنٹ منجمد کر دیا اور 1.06 کروڑ روپے برآمد کر لئے ۔ پولیس حکام نے خبردار کیا ہے کہ ریاست میں سائبر جرائم کے معاملات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور ان جرائم میں خصوصی طور پر بزرگ شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔
نینسی پیلوسی کا سیاست سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
واشنگٹن 7نومبر (یو این آئی) امریکی ایوانِ نمائندگان کانگریس کی سابق اسپیکر نینسی پیلوسی نے کئی دہائیوں پر محیط اپنے سیاسی کیریئر کے اختتام کا اعلان کردیا۔ انہوں نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ وہ آئندہ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گی۔ 85سالہ نینسی پیلوسی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ سب سے پہلے میرے سان فرانسسکو کے عوام یہ خبر سنیں، میں آئندہ کانگریس کے انتخابات میں حصہ نہیں لوں گی، شکرگزار دل کے ساتھ، میں اپنے آخری سال کو آپ کی نمائندہ کے طور پر دیکھ رہی ہوں۔
پیلوسی اس وقت کانگریس کی اپنی 19ویں مدت مکمل کر رہی ہیں، جو 3 جنوری 2027 کو ختم ہوگی۔ نینسی پیلوسی نے 2007 میں امریکہ میں تاریخ رقم کی، جب وہ ایوانِ نمائندگان کی پہلی خاتون اسپیکر منتخب ہوئیں، ان کی قیادت میں ڈیموکریٹک پارٹی نے کئی اہم قانون سازیوں کو کامیابی سے منظور کرایا۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق پیلوسی کو امریکی سیاست میں ایک انتہائی ذہین، اسٹریٹجک اور مؤثر رہنما کے طور پر جانا جاتا ہے ، انہوں نے سابق صدر باراک اوباما کے دور میں تاریخی ہیلتھ کیئر ریفارم بل کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ سابق صدر جو بائیڈن کے دور میں انفرا اسٹرکچر اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اہم قوانین کو ایوان سے منظور کرایا۔ اگرچہ انہیں ان کی سیاسی بصیرت اور مضبوط قیادت کے باعث سراہا گیا، لیکن ریپبلکن پارٹی کے رہنماؤں نے اکثر انہیں امیر اور عوام سے دور ایلیٹ کے طور پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ نینسی پیلوسی کا ریٹائرمنٹ امریکی سیاست کے ایک اہم اور تاریخی باب کے اختتام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔