نئی دہلی : 16اکٹوبر ( ایجنسیز ) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں مبینہ طور پر ایک وکیل کو دہلی ہائیکورٹ کی ورچوئل کارروائی کے دوران ایک خاتون کے ساتھ نامناسبت رویہ اختیار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔ ویڈیو میں وکیل کی طرف سے خاتون کو قریب لے جاکر مختصر بوسہ دینے کی کوشش کرنے کے مناظر ہیں جس پر آن لائن صارفین نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے ۔ ویڈیو کے مطابق یہ واقعہ منگل کو پیش آیا ۔ حالانکہ اس وقت عدالت سیشن میں نہیں تھی اور جج کے آنے کا انتظار کیا جارہا تھا ۔ وکیل عدالتی لباس میں ملبوس نظر آرہے ہیں اور کیمرے سے کچھ فاصلے پر بیٹھے ہیں ۔ ساڑھی میں ملبوس خاتون ان کے قریب کھڑی نظر آتی ہیں ۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وکیل خاتون کا ہاتھ پکڑ کر اسے اپنے قریب لاتے ہیں اور مختصر بوسہ دینے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ خاتون ہچکچاہٹ اور مزاحمت کرتی دکھائی دیتی ہیں ۔ اب تک وکیل اور خاتون کی شناخت کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے ۔ دی ٹریبیون نے بھی وائرل ویڈیو کی آزادانہ صداقت کی تصدیق نہیں کی ہے ۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے شدید غصے اور تنقید کا اظہار کیا ۔