ورکرس تلنگانہ میں ہڑتال سے خوفزدہ سابق وزیر نرسمہا ریڈی کا ریمارک

   

حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سینئر اور سابق وزیر این نرسمہا ریڈی نے ریمارک کیا کہ ورکرس تلنگانہ میں ہڑتال کرنے سے گھبرا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورکرس اور مزدوروں کو اقل ترین تنخواہوں پر عمل آوری کے معاملہ میں وزیر لیبر کو کوئی دلچسپی نہیں ہے ۔ نرسمہا ریڈی نے وزیر لیبر کے رویہ کو افسوسناک قرار دیا ۔ سندریا وگنان کیندر میں خانگی ٹیچرس کی ڈائری کی تقریب رسم اجراء سے خطاب کرتے ہوئے نرسمہا ریڈی نے کہا کہ آندھراپردیش حکومت نے 75 فیصد ملازمتیں مقامی افراد کو فراہم کرنے کے لئے قانون سازی کی ہے۔ تلنگانہ میں بھی خانگی شعبہ میں اس طرح کی قانون سازی کی جانی چاہئے ۔ وزارت سے علحدگی کے بعد سے نرسمہا ریڈی وقفہ وقفہ سے حکومت کے خلاف اظہار خیال کر رہے ہیں۔ تقریب میں پرائیوٹ ٹیچرس اسوسی ایشن کے بانی صدر ایس وینکٹ ریڈی اور ممتاز شاعر جی وینکنا اور دوسروں نے شرکت کی ۔