ورکرس مایوس نہ ہوں،خودکشی جدوجہد کا حل نہیں:اشوتھاماریڈی صدرنشین جے اے سی تلنگانہ آرٹی سی

   

حیدرآباد۔ 13۔ اکتوبر۔ ( یو این آئی) تلنگانہ آرٹی سی کی یونینوں کے لیڈر اشوتھاماریڈی نے ہڑتالی ورکرس پر زور دیا کہ وہ مایوس نہ ہوں،خودکشی،تلنگانہ آرٹی سی یونینوں کی جانب سے شروع کردہ جدوجہد کا حل نہیں ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیر اعلی چندرشیکھرراو تحریک کے دغا بازوں سے آرٹی سی ہڑتال کے سلسلہ میں بات کررہے ہیں۔ تلنگانہ تحریک کے دغاباز وزرا دیاکرراو اور سرینواس یادو اشتعال انگیز ریمارکس کر رہے ہیں۔مسٹر ریڈی، گزشتہ روز ضلع کھمم میں خودسوزی کی کوشش کرنے والے آرٹی سی ڈرائیور کی موت کی اطلاع کے بعد اپولو اسپتال حیدرآباد پہنچے ۔اس ورکر کو 90فیصد جھلسی ہوئی حالت میں اپولو اسپتال لایاگیا تھا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔اس کی موت کی اطلاع کے بعد اشوتھاماریڈی اور جے اے سی کے دیگر لیڈر وہاں پہنچے ۔ اس موقع پر اشوتھاماریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے زور دیاکہ کے چندرشیکھرراو فوری طورپر ہڑتالی ورکرس کے مطالبات کو قبول کرے ۔اسی دوران اسپتال کے باہر احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی جس پر اسپتال میں تعینات پولیس کی بھاری تعداد نے سیاسی جماعتوں کے لیڈروں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ان جے اے سی لیڈروں نے الزام لگایا کہ حکومت ہی خودسوزی کرنے والے سرینواس ریڈی کی موت کی ذمہ دار ہے ۔اس احتجاج کے نتیجہ میں اسپتال میں کشیدگی دیکھی گئی۔اسی دوران تلنگانہ جناسمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈارام نے الزام لگایا ہے کہ وزیراعلی کے چندرشیکھر راو اور وزرا ہڑتالی آرٹی سی ورکرس کو اشتعال دلارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اشتعال دلانے والے وزرا نے ماضی میں کسی بھی تحریک میں حصہ نہیں لیا ہے ۔انہوں نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے ہڑتالی ورکرس سے اپیل کی کہ وہ کوئی انتہائی اقدام نہ کریں۔