حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ریاست میں ورکنگ جرنلسٹوں کیلئے ایکریڈیٹیشن کارڈز کی اجرائی کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط طئے کرنے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ میڈیا کمیٹی کے صدرنشین کے سرینواس ریڈی کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست و رکن قانون ساز کونسل، ایڈیٹر آندھرا جیوتی کے سرینواس، پولٹیکل ایڈیٹر ’ ہندو‘ آر روی کانت ریڈی، سینئر فوٹو جرنلسٹ کے سری ہری، جائنٹ ڈائرکٹر اطلاعات و تعلقات عامہ ڈی ایس جگن نے شرکت کی۔ ایکریڈیٹیشن کارڈز کی اجرائی کے سلسلہ میں ریاستی ہائی کورٹ کا حالیہ فیصلہ اور موجودہ رہنمایانہ خطوط کا جائزہ لیا گیا۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے علاوہ دیگر میڈیا کو ایکریڈیٹیشن کارڈز کی اجرائی کا جائزہ لیا گیا۔ رہنمایانہ خطوط طئے کرنے کیلئے جرنلسٹ یونینوں، اسوسی ایشنوں، پریس کلب اور دیگر انفرادی صحافیوں سے تحریری طور پر تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ تحریری تجاویز 15 نومبر تک جائنٹ ڈائرکٹر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کو موصول ہوجانی چاہیئے۔1