کوداڑ اور حضور نگر میں کانگریس کارکنوں سے اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔15۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کا اجلاس اور جلسہ عام تلنگانہ میں کانگریس کی اقتدار میں واپسی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ اتم کمار ریڈی نے کوداڑ ، حضور آباد اور دوسرے علاقوں میں وجئے بھیری کیلئے عوام کی بڑے پیمانہ پر شرکت کو یقینی بنانے کارکنوں کے ساتھ اجلاس منعقد کئے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں ورکنگ کمیٹی اجلاس اور قومی قائدین کی آمد سے ریاست میں اہم سیاسی تبدیلیاں رونما ہوں گی اور آئندہ انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہوگی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ نلگنڈہ ضلع میں کانگریس کی سب سے زیادہ رکنیت سازی ہوئی ہے اور ملک بھر میں رکنیت سازی کے معاملہ میں نلگنڈہ نے ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وجئے بھیری میں نلگنڈہ سے ہزاروں افراد شرکت کریں گے ۔ انہوں نے کہا اکہ کانگریس کا جلسہ عام حیدرآباد اسٹیٹ کے انڈین یونین میں انضمام کے 75 سال کی تکمیل کے موقع پر منعقد ہورہا ہے۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ ریاست تشکیل دی اور ان کی قیادت میں تلنگانہ میں کانگریس برسر اقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی تلنگانہ عوام کے لئے 6 ضمانتوں کا اعلان کریں گی جس پر برسر اقتدار آتے ہی عمل آوری کی جائے گی ۔ جلسہ عام میں بی جے پی اور بی آر ایس حکومتوں کے خلاف چارج شیٹ جاری کی جائے گی ۔