حیدرآباد ۔ 16 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر میں اب آئی ٹی ملازمین کے لیے پھر آفس سے کام کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ بے دلی ہی سے سہی وہ اب آفس سے کام کرنے کے لیے آفس واپس ہونے کے لیے آمادہ ہیں ۔ آفس کلچر کو وہ تقریبا بھول چکے تھے ۔ حیدرآباد میں زائد از 1520 آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس کمپنیوں میں کام کرنے والے چھ لاکھ ملازمین میں تقریبا 40 فیصد ملازمین ، جو ملک کے مختلف مقامات پر چلے گئے تھے ، اب آہستہ سے شہر واپس ہورہے ہیں کیوں کہ کوویڈ 19 کا زور کم ہوا ہے ۔ مشہور آئی ٹی فرمس بشمول ایچ سی ایل ٹیک ، ویپرو ، ٹی سی ایس ، انفوسیس اور دیگر کئی کمپنیوں نے ان کے ملازمین سے ورک فرم ہوم کو خیرباد کرتے ہوئے آفس واپس ہوجانے کے لیے کہا ہے یا کہنے کے لیے تیار ہیں ۔ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے سینئیر عہدیداروں کے مطابق فی الوقت 20 فیصد ملازمین آفس سے کام کررہے ہیں اور ان کی اس تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے ۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ اب کوویڈ 19 کا خطرہ نہیں ہے ۔ اس کا زور کم ہوتا جارہا ہے ۔ آئی ٹی ملازمین کی اکثریت نے کم از کم ایک ٹیکہ لیا ہے ۔ معیشت میں بہتری آئی ہے اور یہ وقت ان کے لیے آفس کلچر میں واپس ہونے اور آفسیس سے کام کرنے کا ہے ۔۔
آئی ٹی شعبہ اور حکومت کو اس وباء کے دو مرحلوں کے دوران اس پر انحصار کرنے والے شعبہ پر اس کے مضر اثرات کے بارے میں مساوی فکر لاحق ہوگئی تھی جو بری طرح متاثر ہوا تھا ۔۔