نئی دہلی: سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت سماج کے پسماندہ اور محروم طبقات جیسے ایس سی، او بی سی، ای بی سی، ڈی این ٹی، ٹرانس جینڈر، بزرگ شہریوں، صفائی کرمچاریوں وغیرہ کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف وتفویض اختیارات ڈاکٹر وریندر کمار نے کیا۔گزشتہ نو برسوں کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی شاندار قیادت کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سماجی، تعلیمی اور معاشی طور پربااختیار بنانے سمیت مختلف شعبوں میں ان طبقات کی نمایاں ترقی دیکھی جا رہی ہے ۔ حکومت ہند کے سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے محکمے کے ذریعے گزشتہ نو برسوں میں چند نمایاں اسکیمیں نافذ کی گئی ہیں۔غریب ترین گھرانوں سے اعلیٰ تعلیم میں درج فہرست ذاتوں (ایس سی)، طلباء کے مجموعی داخلے کے تناسب میں اضافے کے مقصد سے ہندوستان میں تعلیم کے لیے درج فہرست ذاتوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو میٹرک کے بعد کے وظائف دیئے گئے ۔