وزارت دفاع کی 222.27 ایکڑ اراضی ریاست کے حوالے کی جائے

   

موسی ندی کے احیاء و خوبصورتی پراجیکٹ کا حوالہ ۔ ریونت ریڈی کی وزیر دفاع سے ملاقات
حیدرآباد 26 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دہلی میں مرکزی وزیر دفاع مسٹر راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کرکے موسیٰ ندی کے احیاء اور خوبصورت بنانے کے پراجکٹ کیلئے وزارت دفاع کی 222.27 ایکڑ اراضی ریاستی حکومت کے حوالہ کرنے نمائندگی کی اور کہا کہ حکومت سے شہر میں عالمی طرز کے گاندھی کے نظریات پر مرکز کی تعمیر کے علاوہ دستکاری کے فروغ و دیگر مقاصد کیلئے باپو گھاٹ کو ترقی دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے اور اس کے مطابق باپوگھاٹ کے قریب عیسیٰ اور موسیٰ ندی کا ملن ہوتا ہے اور باپوگھاٹ کو تفریحی‘ سیاحتی ‘ معلوماتی اور تہذیبی مرکز کے طور پر فروغ دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے ۔ اس منصوبہ کے تحت باپوگھاٹ کے پاس مجسمہ امن کی تنصیب کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور حکومت نے گاندھی جی کا طویل القامت مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریونت ریڈی نے وزیر دفاع کو حکومت کے منصوبہ سے واقف کروایا اور کہا کہ حکومت نے باپو گھاٹ کے اطراف ترقیاتی پراجکٹس کی تیاری کا منصوبہ تیار کیا ہے تاکہ طبی مرکز ‘ ماحولیاتی طبی مراکز کے علاوہ خوبصورت لینڈ اسکیپنگ کرکے خطہ کو بہتر بنانے اقدامات کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے وزیر دفاع سے ملاقات کے دوران موسیٰ ندی کے احیاء کے منصوبہ کی تمام تفصیلات سے واقف کروایا اور کہا کہ حکومت گاندھی کے نظریات کو عالمی سطح پر فروغ دینے کی خواہاں ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ حکومت باپو گھاٹ کو گاندھی سروور پراجکٹ کے طور پر ترقی دینے کا منصوبہ ہے اور باپو گھاٹ سے متصل محکمہ دفاع کی اراضی حکومت تلنگانہ کے حوالہ کی جائے تو اس پراجکٹ کے فوری آغاز میں سہولت ہوگی اور معینہ مدت میں موسیٰ ندی کے احیاء اور خوبصورت بنانے کے پراجکٹ کو مکمل کیا جاسکے گا۔3