وزارت عظمی کی دوڑ میں شامل ہوں ۔ کے سی آر کا اعلان

   

تلنگانہ میں بی جے پی کو ایک بھی نشست پر کامیابی ملنی مشکل ۔ پریس کانفرنس سے خطاب
حیدرآباد 11 مئی ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس سربراہ کے سی آر نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد مرکز میں حکومت تشکیل دینے این ڈی اے اور انڈیا اتحاد میں کسی کو بھی اکثریت حاصل نہیں ہوگی ۔ حکومت تشکیل دینے میں علاقائی جماعتیں اہم رول ادا کریں گی ۔ اگر موقع ملا تو وہ بھی وزیراعظم بننے کے دوڑ میں شامل رہیں گے ۔ تلنگانہ بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کا کوئی وجود نہیں ہے ۔ بی جے پی کی انتخابی مہم پانی کا بلبلہ ہے ۔ بی جے پی صرف ایک نشست یا وہ بھی نہیں جیت پائیگی جب کہ بی آر ایس 12 تا 14 حلقوں پر کامیاب ہوگی ۔ پورے ملک میں بی جے پی 200 حلقوں پر بھی کامیاب نہیں ہوگی ۔ انڈیا اتحاد میں قیادت کا فقدان ہے ۔ ملک میں دن بہ دن بی جے پی کا گراف گر رہا ہے ۔ جس کی وجہ سے وزیراعظم بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں اور مذہبی جذبات کو بھڑکاتے ہوئے عوام کے درمیان نفرت پھیلا رہے ہیں ملک پر علاقائی جماعتوں کی حکمرانی ہوگی ۔ کے سی آر نے کہا کہ جنوبی ہند میں لوک سبھا کی جملہ 130 نشستیں ہیں جہاں سے بی جے پی 10 حلقوں پر کامیابی حاصل نہیں کرپائے گی ۔ اس مرتبہ علاقائی جماعتیں آپس میں طاقتور فرنٹ بنائیں گے ۔ ہماری تائید کرنے کانگریس اور بی جے پی مجبور ہوجائیں گی ۔ کے سی آر نے کہا کہ مودی و امیت شاہ تلنگانہ میں 10 حلقوں پر کامیابی حاصل کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں جو چکنا چور ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو ووٹ دیا گیا تو ملک میں امن و امان کو نقصان پہونچے گا ۔ بی جے پی قائدین پر پاگل پن سوار ہوجانے کا دعویٰ کیا اور کانگریس قائدین کو دہلی کے غلام قرار دیا ۔ بی آر ایس پارٹی ہی تلنگانہ کے مفادات کے لیے کام کرنے والی جماعت ہونے کا ادعا کیا ۔۔ 2