موجودہ تمام ارکان اسمبلی کو پارٹی دوبارہ ٹکٹ دے گی ، 72 تا 80 حلقوں پر ٹی آر ایس کامیاب ہوگی
تلنگانہ میں سی بی آئی کے داخلہ کو روکنے کا اشارہ ، ٹی آر ایس مقننہ پارٹی اجلاس سے چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 3 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ نے ریاستی وزراء اور ٹی آر ایس کے عوامی منتخب نمائندوں کو چوکس رہنے کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی مہاراشٹرا کا سیاسی کھیل تلنگانہ میں دہرانے کی کوشش کررہی ہے ۔ ای ڈی ۔ سی بی آئی اور انکم ٹیکس جیسے قومی اداروں کے ذریعہ ٹی آر ایس کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کررہی ہے ۔ ان اداروں کو تھوڑی بھی گنجائش فراہم کیے بغیر کام کرنے اور ہر ایک کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنے کا انہوں نے مشورہ دیا ۔ تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ تمام موجودہ ارکان اسمبلی کو دوبارہ ٹکٹ دیا جائے گا اور انتخابات میں ٹی آر ایس 72 تا 80 نشستوں پر آسانی سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریاست میں مسلسل تیسری مرتبہ حکومت تشکیل دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ منگوڑ میں ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوگی اور کانگریس پارٹی دوسرے مقام پر رہے گی ۔ مرکزی وزراء کے تلنگانہ میں مزید دورے ہونے کی پیش قیاسی کرتے ہوئے چیف منسٹر نے سی بی آئی تحقیقات کیلئے ریاستوں کی منظوری کو یقینی بنانے کے لیے مرکز پر دباؤ بنانے کے ساتھ قانونی لڑائی لڑنے کا بھی اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے وزراء کو غفلت میں نہ رہنے کا مشورہ دیا ۔ بی جے پی دوسری ریاستوں میں جو کھیل کھیل رہی ہے وہی سیاسی کھیل تلنگانہ میں بھی کھیلنے کی کوشش کررہی ہے ۔ ساتھ ہی مذہبی منافرت کو بھڑکانے کی کوشش کررہی ہے جس کا جواب دیا جائے گا ۔ ریاست میں سی بی آئی کے داخلے کو روکنے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔ چند دنوں سے تلنگانہ میں انکم ٹیکس دھاوؤں میں اضافہ ہوگیا ہے اور بی جے پی قائدین چیف منسٹر کے سی آر اور ان کے ارکان خاندان کا جیل جانا یقینی قرار دے رہے ہیں ۔ جس طرح بہار اور مغربی بنگال میں سی بی آئی کی انٹری بند ہے ، اس سلسلہ میں تلنگانہ حکومت ماہرین قانون سے مشاورت کررہی ہے ۔ کابینہ اجلاس میں بھی اس مسئلہ پر تبادلہ خیال ہوا ہے ۔۔ن