تلنگانہ کی کانگریس حکومت کی کارکردگی کو بہتر بنانے پر بھرپور توجہ مرکوز
حیدرآباد۔10۔ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کابینی وزراء کو قلمدانوں کی تفویض کے بعد اب حکومت فوری طور پر کابینہ میں توسیع کے حق میں نہیں ہے اور کہا جار ہاہے کہ آئندہ دو ماہ کے دوران حکومت کو بہتر انداز میں چلانے پر توجہ دیتے ہوئے کام کاج کے آغاز پر توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ ریاست میں بہتر حکمرانی کو یقینی بنایا جاسکے۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے کابینہ میں توسیع کے سلسلہ میں ابھی کوئی مشاورتی عمل نہیں کیا جا رہاہے بلکہ حکومت نے اس معاملہ کو پارٹی ہائی کمان کے حوالہ کردیا ہے اور آئندہ دو ماہ کے دوران اس معاملہ میں پارٹی ہائی کمان کی جانب سے بھی کوئی فیصلہ کئے جانے کی کوئی امید نہیں ہے۔ قوانین کے مطابق تلنگانہ میں 18 وزراء کی گنجائش موجود ہے اور فی الحال ریاست میں چیف منسٹر کے بشمول 12 وزراء کو ذمہ داریاں تفویض کی جاچکی ہیں اور تمام وزراء کو اس بات کی تاکید کی گئی ہے وہ اپنے اپنے قلمدانوں کا جائزہ لینے کے بعد ریاست میں بہتر حکمرانی کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنائیں۔ حکومت میں 6مخلوعہ کابینی وزراء کی ذمہ داریوں کے حصول کے لئے کوشش کرنے والوں کی سرگرمیاں جو دہلی منتقل ہوگئی تھیں اور چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے اپنے راست تعلقات کی بناء پر کوشش کر رہے تھے وہ اب دوبارہ اپنی سرگرمیاں دہلی منتقل کرنے لگے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ پارٹی ہائی کمان سے ریاستی حکومت کو سفارش کروانے والی شخصیات اب پارٹی ہائی کمان کو اس بات کے لئے آمادہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں کہ ان کے ناموں کو قطعیت دے دی جائے۔
